ترقیاتی عمل ،فیصلہ سازی میں نصیرآباد و سبی ڈویژن کو یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے،میر جان محمد جمالی

ہفتہ 24 جنوری 2015 17:36

ڈیرہ مراد جمالی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء)اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرجان محمد جمالی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی بھی قانون ساز ی ،اقدامات یا تحریک چلائی گئی تو جعفرآباد و سبی ڈویژن پر مشتمل نئے صوبے کی تشکیل کا مطالبہ ہماری طرف سے بھی آئے گا ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ ترقیاتی عمل اور فیصلہ سازی میں نصیرآباد و سبی ڈویژن کو یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے اور آئینی حیثیت میں برابری کے باوجود پالیسی سازی اور حکومتی امور و ترقیاتی منصوبوں میں مکران ڈؤیژن کے ارکان کو ترجیح دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا گرین بیلٹ تباہ حالی کا شکار ہے زراعت سے بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر وابستہ لاکھوں افراد زرعی نہروں کی تباہی کے باعث معاشی بدحالی سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر عمل کا ردمل قدرتی امر ہے اور ہر تبدیلی کا محرک نا انصافی،عدم مساوات ہی ہوتا ہے انہوں نے کہا کہہ بلوچستان میں حقیقی ترقی وفاقی دارالحکومت کے پرتعیش مقامات پربیٹھ کر بلندوبانگ دعوے کرنے سے نہیں بلکہ حقیقی طور پر عوام کے مسائل حل کرنے سے ہی ممکن ہے۔