ایل ڈی اے ایونیو ون کے 321متاثرین کو قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹ الاٹ،

فہرست ویب سائٹ پر دستیاب ‘ صبر و تحمل سے طویل انتظار کرنے پر متاثرین کے شکر گزار ہیں ‘ احد خاں چیمہ

ہفتہ 24 جنوری 2015 18:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) رائے ونڈ روڈ پر واقع رہائشی سکیم ایل ڈی اے ایونیو ون کے 321 متاثرہ الاٹیوں اور پلاٹ مالکان کو گزشتہ روز قرعہ اندازی کے پہلے مرحلے میں متبادل پلاٹ الاٹ کر دئیے گئے ۔ اس مقصد کے لئے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں منعقد ہوئی ۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احد خاں چیمہ نے قرعہ اندازی کی زیر نگرانی کی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹرز ) آمنہ منیر‘ ندیم عباس بھنگو ‘ دیگر متعلقہ افسران اور متاثرین کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور متاثرین نے قرعہ اندازی کا عمل شروع کروانے میں خود بھی حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

الاٹ کئے جانے والے پلاٹ ہر لحاظ سے ڈویلپڈ ہیں اور مالکان فوری طور پر ان کا قبضہ حاصل کر کے مکان تعمیر کر سکتے ہیں ۔

ان پلاٹوں کی فہرست ایل ڈی اے کی ویب سائٹ www.lda.gop.pkپر دستیاب ہے۔ ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خاں چیمہ نے کہا کہ یہ سکیم 2003ء میں شروع کی گئی تھی مگر عدالتی چارہ جوئی کے باعث متاثرین کو طویل انتظار کرنا پڑا ۔ انہو ں نے صبر و تحمل سے پلاٹوں کے قبضے کا انتظار کرنے پر متاثرین کا شکریہ ادا کیا ۔

متاثرین کے نمائندے اور پلاٹ نمبر 583بلاک Bکے الاٹی محمد تنویرنے اس موقع اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم طویل عرصے سے پریشانی کا شکار تھے ‘ ایل ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی محنت اور کوششوں سے یہ مسئلہ حل ہوا ہے اور ہمیں متبادل پلاٹ مل گئے ہیں ۔ ہم وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خاں چیمہ کا تہہ دل سے مشکور ہیں ۔