حکومتی اقدامات سے 2018ء کے اختتام پر بجلی بحران پر قابو پا لیا جائیگا‘ احسن اقبال ،

ملک کو ترقی یافتہ ،خوشحال بنانے کیلئے اس کو استحکام دینا ہوگا تاکہ ملک جمہوریت کی پٹری سے نہ اتر سکے ‘ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ

ہفتہ 24 جنوری 2015 18:40

حکومتی اقدامات سے 2018ء کے اختتام پر بجلی بحران پر قابو پا لیا جائیگا‘ ..

نارووال ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے بجلی کے بحران کے حوالے سے کوئی پالیسی بنائی ہوتی توآج ہمیں اس گھمبیر صورتحال کا سامنا نہ کر نا پڑتا ،حکومتی اقدامات سے 2018ء کے اختتام پر بجلی بحران پر قابو پا لیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں پاسپورٹ آفس کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور پولیو کے خاتمے کیلئے جس طرح تمام جماعتوں نے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوکر اس کے خلاف جہاد کرنے کا عزم کیا اسی طرح ہمیں ملک سے جہالت غربت اور بجلی جیسے بحران پر قابو پانے کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ اگر گزشتہ حکومتوں نے بجلی کے بحران کے حوالے سے کوئی پالیسی بنائی ہوتی تو آج ہمیں آج اس گھمبیر صورت حال کا سامنا نہ کر نا پڑتا لیکن تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے مختلف منصوبہ جات بنا رہی ہے جس میں پٹرول کے ساتھ ساتھ شمسی توانائی اورکوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں انشاء اللہ 2018کے اختتام پر بجلی بحران پر قابو پا لیا جائیگا اور ہم عوام کی عدالت میں پیش ہوکر سرخروں ہونگے ۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے اس کو استحکام دینا ہوگا تاکہ ملک جمہوریت کی پٹری سے نہ اتر سکے اور انشاء للہ وہ دن دور نہیں جب تمام تر سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر میسر ہونگی انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جنہو ں نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے اور وہ دن رات عوام کے مسائل حل کرنے میں مصروف عمل ہیں اس موقع پر ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال،ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ محمد صفدر،اخلاق احمد قریشی ڈائریکٹر پاسپوٹ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ سلیم اقبال کے علاوہ ممبران اسمبلی اورسیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں ۔