ڈیرہ غازیخان چیمبر کانیشنل بنک آف پاکستان کے ریجنل آفس کو ڈیرہ اسماعیل خان ریجنل آفس میں ضم کر نے کے فیصلے پر اظہار تشویش

ہفتہ 24 جنوری 2015 19:20

ڈیرہ غازیخان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) ڈیرہ غازیخان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمحمد انیس خواجہ نے ڈیرہ غازیخان میں قائم نیشنل بنک آف پاکستان کے ریجنل آفس کو ختم کرکے ڈیرہ اسماعیل خان ریجنل آفس میں ضم کر دینے کے فیصلے پر بزنس کیمونٹی کی شدید تشویش ظاہر کی ہے-انہوں نے سید احمد اقبال اشرف، صدر نیشنل بنک آف پاکستان کے نام اپنے مکتوب جسکی نقول وزیراعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب ، وفاقی وزیرخزانہ ، سیکریٹری خزانہ، گورنرسٹیٹ بنک اور مقامی انتظامیہ کو بھی ارسال کی گئی ہیں میں تحریر کیا ہے کہ پچاس برانچیں رکھنے والے ڈیرہ غا زیخان ریجنل آفس کو محض تیس برانچوں والے ڈی آئی خان آفس میں مد غم کرنا عقل اور سمجھ سے بالا تر ہے اور یہ اقدام جنوبی پنجاب کے ایک اہم ترین علاقے سے زیادتی اور ناانصافی کے مترادف ہے- ڈی جی خان ریجنل آفس ایک منافع بخش ادارہ ہے جو علاقے کے ہزاروں لاکھوں صارفین اور اکاؤنٹ ہولڈرز بشمول پنشنرز ،کسانوں، طلباء اور گورنمنٹ ملازمین کو کیش /رننگ فنانس، وزیراعظم یوتھ لون اسکیم اور ایڈوانس تنخواہ جات جیسی بے شمار سہولتیں فراہم کررہا ہے جن میں سٹیٹ بنک کی غیر موجودگی میں نئے کرنسی نوٹوں کااجراء بھی شامل ہے-2014میں مذکورہ آفس نے نہایت کامیابی سے پرافٹ، ایڈوانسز اور ڈیپازٹس کے ساٹھ فیصد سے زائد اہداف حاصل کئے جبکہ پورے ڈیرہ ڈویژن میں اس وقت اکاؤنٹس ہولڈرز کی تعدا د218688ہے-چار اضلاع پر مشتمل ڈیرہ غازیخان ڈویژن ایک وسیع و عریض علاقے اور بہت بڑی آبادی پر مشتمل ہے- ریونیو کمشنر اور اہم حکومتی ادارے یہاں موجود ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں کاٹن جننگ ، آئل، گھی ، ٹیکسٹائل، شوگر، رائس ، فلور اور جیوٹ ملزکے علاوہ سیمنٹ ، ٹریکٹرز، سالونٹ ، پاور جنریشن پلانٹس اور ریفائنریز بھی اسی علاقے میں واقع ہیں اور ان سب کوریجنل آفس کی خدمات سے یکسرمحروم کر دینا قرینِ انصاف نہیں-صدر چیمبر نے اپنے مراسلہ میں خاص طور پر ڈیرہ اسماعیل خان کی جغرافیائی حیثیت اور علاقے میں امن و امان کی ابتر صورتحا ل کی جانب بنک انتظامیہ کی توجہ دلاتے ہو ئے کہا ہے کہ جہاں ایک طرف ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے دور دراز علاقوں سے ڈیرہ اسماعیل خان کا سفر ایک مشکل امرہو گا وہاں صارفین کو خطرناک سیکیورٹی معاملات بھی درپیش ہوں گے- چیمبر محسوس کرتا ہے کہ ایک منافع بخش ادارے کو ختم کرکے اسے کسی دوسرے ادارے میں ضم کردینے سے ڈیرہ غازیخان کے عوام میں احساسِ محرومی کو تقویت حاصل ہو گی - صدر چیمبر نے ریجنل آفس کو بحال رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ بنک انتظامیہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے ہر شعبہٴ زندگی سے تعلق رکھنے والے حلقوں کی آواز کو پذیرائی دے گی -

متعلقہ عنوان :