غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے 30 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ضروری ہے ،ساجد نصیر خاں

ہفتہ 24 جنوری 2015 20:09

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (پی وی ٹی سی )کے منیجنگ ڈائریکٹر ساجد نصیر خاں نے کہا ہے کہ غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے 30 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے پی وی ٹی سی نجی شعبہ کے اشتراک سے مقامی صنعتوں کی ضرورت کے مطابق نئے کورس شروع کرے گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران صدر چیمبر انجینئر رضوان اشرف سے ملاقات کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی ضرورتوں کے مطابق نئی افرادی قوت کی تیاری چیلنج ہے تاکہ ہنر مند افرادی قوت کو فوری طور پر نہ صرف متعلقہ صنعتوں میں کھپایا جا سکے بلکہ اس کے نتیجہ میں ان صنعتوں کی پیداوار اور کوالٹی میں بھی بہتری لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی وی ٹی سی کے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ 5 سالوں کے دوران ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس سے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کا ڈیٹا تیار کریں تا کہ اس کی روشنی میں چیمبر سے موٴثر فیڈ بیک ، مشورے، تجاویز اور سفارشات لی جا سکیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ نئے کورس صرف ان شعبوں میں ہی شروع کئے جائیں جو پائیدار ہوں اور انہیں ایک یا دو بیج نکلنے کے بعد بند نہ کرنا پڑے۔ صدر چیمبر انجینئر رضوان اشرف نے کہا کہ پاکستان کا اصل سرمایہ ہماری نوجوان افرادی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 30 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کی تعداد 50 فیصد ہے جن کو 6 ماہ سے ایک سال کے کورس کروا کر باعزت روزگار کمانے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس مقصد کے حصول میں حائل دشواریوں کی بھی نشاندہی کی اور کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں مقامی صنعتوں کی ضرورتوں کے مطابق نئے کورس فوری شروع کئے جانے چاہیئں ۔ مزید برآں ان کے سلیبس میں بھی عصری تقاضوں کے مطابق تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ وی ٹی آئی اور ٹیوٹا جیسے اداروں کی موجودگی کے باوجود صنعتوں کو اپنی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت نہیں مل رہی اور یہ بات توجہ طلب ہے۔

انہوں نے اس سلسلہ میں ڈرائیوروں ، سیکورٹی گارڈز اور اسی قسم کے دیگر کئی شعبوں کی بھی نشاندہی کی جن میں ہنر مند افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بیرون ملک مقیم پاکستانی 14 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیج رہے ہیں۔ ہم اپنی افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافہ کرکے ان ترسیلات کو بآسانی دوگنا کر سکتے ہیں جن کی وجہ سے درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ روائتی تعلیم کی بجائے ہمیں ووکیشنل تربیت پر زیادہ توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے پی وی ٹی سی کے چیئرمین کی طرف سے نئے ٹریڈز اور موجودہ ٹریڈز کے نصاب میں تبدیلی کی یقین دہانی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کرے گا۔ اس موقع پر چیمبر کے سابق صدر مزمل سلطان، سینئر نائب صدر ندیم اللہ والا کے علاوہ پی وی ٹی سی کے ایریا منیجر ملک محمد رفیق اوردیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔