اے پی ڈی اے میں شامل پارٹیاں متحد ہیں ، ملکر کوئٹہ میٹروپولیٹن اور ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے انتخابات میں حصہ لیں گے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

ہفتہ 24 جنوری 2015 20:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس میں شامل تمام پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہفتہ کو اے پی ڈی اے کے سربراہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈرانجینئر زمرک خان اچکزئی ، رشید خان ناصر، جمعیت نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی ، سیدواحد آغا، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما بسم اللہ خان کاکڑ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ملک نصیر شاہوانی ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رضا وکیل ، مسلم لیگ(ن) کے رحیم کاکڑ، تحریک انصاف کے رہنما حاجی فوجان بڑیچ ،مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شبیر نے شرکت کی۔

اجلاس سے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ،انجینئر زمرک خان اچکزئی ، بسم اللہ خان کاکڑ، مولانا عبدالقادر لونی ، رشدخان ناصر اور ملک نصیر شاہوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ڈی اے میں شامل پارٹیاں متحد ہیں اور ہم ملکر کوئٹہ میٹروپولیٹن اور ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے انتخابات میں حصہ لیں گے کیونکہ انتخابات میں حصہ لینا ہرپارٹی کا جمہوری حق ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتحاد کو بھر پور پذیرائی حاصل ہے اس لئے ہم محلاتی سیاست کی بجائے مخالفین کا مقابلہ سیاسی میدان میں کرنے کے حق میں ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اگر مخالفین کو اکثریت حاصل ہے تو وہ کیوں و زیراعظم ہاؤس کی یاترا کر رہے ہیں محلات میں فیصلوں کی بجائے کونسلروں پر اعتماد کرکے 28جنوری کو بھر پور سیاسی مقابلے کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھیں کیونکہ اے پی ڈی اے کے اکابرین نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہرقیمت پرمقابلہ کرینگے مقابلہ ہی جمہوریت کا حسن اور کونسلروں کا امتحان ہوتا ہے اے پی ڈی اے اصول اورقانون کی بالادستی اور صاف و شفاف انتخابات کے حق میں ہیں اس لئے مخالفین سے بھی یہی توقع ہے کہ وہ جمہوری نظام کی تباہی کا سبب نہ بنیں کیونکہ جمہوریت میں اقتدار اور اپوزیشن لازم و ملزوم ہوتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بدستور اے پی ڈی اے کا حصہ ہے اورآج (اتوار)کی شام مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سربراہ نواب ثناء اللہ زہری نے اے پی ڈی اے کا اجلاس اپنی رہائش گاہ پر طلب کیا ہے جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔