دھاندلی کا واویلا اور دفاع کرنے والی دونوں جماعتیں دہشتگردی کے خلاف بننے والی فضا کو خراب کر رہی ہیں،سرداربابک،

آرمی پبلک سکول اور دہشتگردی کی جنگ میں ہزاروں شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے، دہشتگردی کے خلاف بننے والی یکجہتی اور قومی ایکشن پلان کے آنے کے کے بعد عوام نتائج کا انتظار کر رہے ہیں،،ترجمان عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ دھاندلی کا واویلا اور دفاع کرنے والی دونوں جماعتیں دہشتگردی کے خلاف بننے والی فضا کو خراب کر رہی ہیں۔ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف لڑنے والی جنگ کو کامیاب بنانے کیلئے سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔

اور ایسے حالات میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ کا دوسرے مسائل میں اُلجھنا ملکی مفاد کے خلاف ہے۔ اپنے ایک بیان سردارحسین بابک نے کہا کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے جو فضا بنی ہے اُس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ملک و قوم کو دہشتگردی کے ناسور سے نجات دلانا انتہائی ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دوسروں میں اُلجھنا دہشتگردی کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کی ایک سازش ہے اور قوم اُنہیں معاف نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول اور دہشتگردی کی جنگ میں ہزاروں شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف بننے والی یکجہتی اور قومی ایکشن پلان کے آنے کے کے بعد عوام نتائج کا انتظار کر رہے ہیں اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے بے چین ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ نقصان اے این پی کو ہوا ہے اور امن و امان بحال ہونے کی صورت میں سب سے زیادہ فائدہ ہی اے این پی کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :