حکومت نے سندھ کے ہر شعبے اور ہر مسئلے کو نظر انداز کر کے صرف کرپشن کو فروغ دیا ہے،نادراکمل لغاری

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نے آباد گاروں کے بنیادی مسائل کے حل میں سندھ حکومت کی عد م دلچسپی اور بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے سندھ کے ہر شعبے اور ہر مسئلے کو نظر انداز کر کے صرف کرپشن کو فروغ دیا ہے ، گھوسٹ ترقیاتی منصوبوں کی کرپشن کا پردہ نیب کی جانب سے فاش کردیا گیا ہے اب اخلاقی طور پر حکمرانی کا جواز کھو بیٹھی ہے ۔

سندھ کی عوام تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہی ہے ، شہری اور دیہی عوام سندھ حکومت کی غفلت سے اذیت کا شکار ہے عوام کو اس کرپٹ حکومت سے چھٹکارے کے لیے رائے عامہ ہموار کررہے ہیں جلد عوام کو اس عذاب سے نجات دلائیں گے ۔ وہ گزشتہ روز سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے آبادگاروں کے مختلف وفو د سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

نادر لغاری نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے گنے کے نرخ مقرر کرنے کے واضع فیصلے کے باوجود شوگر ملز مالکان سندھ حکومت کے آشیرباد سے آبادگاروں کی معاشی نسل کشی کررہے ہیں اور سندھ حکومت اور حکمران جماعت کے بیشتر لوگوں کی شوگر ملز کو منافع دینے اور آبادگاروں کو جھکانے کے لیے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہے مگر تحریک انصاف سندھ حکومت کی من مانی اور زیادتیوں کے خلاف آبادگاروں کے ساتھ ہے اور جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

نادر لغاری نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہر شعبے میں اپنی نااہلی ثابت کی نہ عوام کی جان و مال کی حفاظت میں حکومت کو دلچسپی ہے نہ کسانوں اور کاشتکاروں کے معاشی مسائل حل کرنے میں ، ایسے حکمران عوام کے لیے ناسور بن چکے ہیں جس سے چھٹکارا ہی عوام کی زندگی میں تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :