پیٹرول بحران میڈیا کی کارستانی کہ کر حکومت اپنی نااہلی چھپا نہیں سکتی،خالد حمید،

پن بجلی میں اضافہ سیاست کی نظر ہے جبکہ فرنس آئل کی کمی سے تھرمل بھی خطرے میں ہے

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:34

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کراچی کمیٹی کے ڈپٹی آرگنائزر خالد حمید نے کہاکہ پیٹرول بحران کو میڈیا کی کارستانی کہ کر حکومت اپنی نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی،اگر پیٹرول بحران کی ذمہ دار میڈیا کی خبریں بنی تو پھر حکومت پانی ،بجلی ،گیس اور امن و امان کا ملبہ کس پر ڈالے گی؟ بہتر یہی ہے کہ حکومت اپنی گورننس بہتر بنائے اور مختلف وزارتوں کے طور طریقے اپنانے کی بجائے بحرانوں کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جائے۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر جوڑیا بازار سے آنے والے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سرکاری سطح پر پیٹرول ذخیرہ کرنے کا معقول انتظام کیا جاتا ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والی کمپنیاں بلیک میلنگ نہ کرسکیں لیکن ہمارے یہاں الٹا نظام رائج ہے ۔

(جاری ہے)

تیس دن تک پیٹرولیم مصنوعات اسٹور نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف تو کاروائی کہ جارہی ہے لیکن حکومتی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر ذخیرہ کرنے کے انتظامات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔

خالد حمید نے کہا کہ ملک میں پن بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع سیاست کی نظر ہوچکے ہیں جسکی وجہ سے تھرمل پاور جنریشن پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے لیکن وہ بھی فرنس آئل کی کمی کی وجہ سے خطرے میں پڑ چکی ہے ،حکومت کی جانب سے فرنس آئل سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری اور صورتحال بہتر ہوجانے کے اعلانات پر بھروسہ کرنا اس لئے بھی مشکل ہے کہ اگر بروقت پی ایس او کے واجبات ادا کئے جاتے اور جو رقم بحران کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کیلئے مختص کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں انہیں بحران سے پہلے جاری کردیا جاتا تو بحران جنم ہی نہیں لیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ماضی میں آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرکے قیمتیں بڑھائی گئیں اسی طرح پیٹرول بحران بھی قیمتوں میں اضافہ کیلئے پیدا کیا گیا،حکومت عوام کو بیوقوف بنانا چھوڑ دے۔

متعلقہ عنوان :