وزیراعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کی وفات پر اظہارافسوس

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:36

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اسلام آباد میں متعین سعودی عرب کے سفیر سے رابطہ کرکے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے خادم حرمین شریفین کو عالم اسلام کی فلاح و بہبود کیلئے کردار، پاکستانی عوام سے محبت اور ہر آڑے وقت میں مدد پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام کو شاہ عبداللہ کی وفات پر گہرا صدمہ پہنچا ہے اور وہ غم کے ان لمحات میں سعودی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں جنہیں اپنی اس مقدس سرزمین اور حکمرانوں سے دینی و روحانی محبت اور عقیدت بھی ہے انکی موت سے پاکستان ایک عظیم دوست اور بہی خواہ سے محروم ہو گیا ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نئے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی صوبائی حکومت کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد اور فلاح و بہبود سے متعلق انکے پیغام کا خیرمقدم کیا ہے انہوں نے شاہ سلمان اور شہزادہ مقرن کو حجاز مقدس کا نیا فرمانروا اور ولی عہد بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کیا اور انکی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکے دور میں پاک سعودی تعلقات مزید بہتر اور مضبوط ہونگے۔

متعلقہ عنوان :