بھارت کشمیر کا بدلہ بلوچستان میں لے رہا ہے،تجارتی وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے عالمی طاقتیں بلوچستان میں سرگرم ہیں،صاحبزادہ حامد رضا

ہفتہ 24 جنوری 2015 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کا بدلہ بلوچستان میں لے رہا ہے۔تجارتی وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے عالمی طاقتیں بلوچستان میں سرگرم ہیں۔بلوچستان اور کراچی میں بد امنی عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے۔فضل الرحمن،سمیع الحق اور سراج الحق دہشتگردوں کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

فضل الرحمن اور سراج الحق اکیسیویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرکے قومی اتحاد کی فضاء خراب کررہے ہیں۔دہشتگردی کے مسئلے پر جے یو آئی اور جماعت اسلامی ایک طرف اورپوری قوم دوسری طرف کھڑی ہے ۔طالبان، داعش اور القاعدہ مسلمانوں سے لڑ رہی ہیں ۔ان نام نہاد جہادیوں کی بندوقوں کا رخ اسرائیل کی طرف کیوں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں کیا ۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک کو ہر روز نئے بحرانوں کا سامنا ہے۔ایکشن پلان کی راہ میں حائل سپیڈ بریکرختم کئے جائیں ۔دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث کئی دہشتگردوں کا تعلق مدارس سے ثابت ہو چکا ہے ایسے مدارس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔دہشتگردوں کے حامی بے نقاب ہو چکے ہیں لیکن حکومت دہشتگردوں کے حامیوں پر ہاتھ ڈالنے سے گھبرا رہی ہے۔مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے والے پچھتا رہے ہیں ۔نا اہل حکمرنوں کی وجہ سے پٹرول بحران پیدا ہوا ۔حکمرانوں کی بز دلی کی وجہ سے قومی ایکشن پلان ناکام ہوا تو بد قسمتی ہو گی ۔حکمران مصلحتیں چھوڑ کر دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کریں ۔او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے۔اسلامی اقوام متحدہ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :