ایل ڈی اے کا صنعتی یونٹ سیل کرنے کا اقدام وزیراعلیٰ کی ویژن کے منافی ہے،ممتاز اے حمید

ہفتہ 24 جنوری 2015 23:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) ایوان، صنعت و تجارت لاہور نے فیروز پور روڈ پر صنعتی یونٹ سیل کرنے پر شدید احتجاج کیا اور اس اس اقدام کو وزیراعلیٰ کے صوبہ پنجاب کو صنعتی حب قراردینے کے ویژن کی نفی اور اس کے خلاف سازش قراردیا ہے ۔ فیروزپور روڈ ویلفیئر( انڈسٹریل)آرگنائزیشن کے وایس چیئرمین کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایونِ صنعت و تجارت کے صدر ممتاز اے حمید اور سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے فیروز پورڈ کے انڈسٹریل ایریا میں ایل ڈی اے کی جانب سے 50 صنعتی یونٹ سیل کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعلیٰ سے فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

وفد نے بتایا کہ ایل ڈی اے نے یہ صنعتی یونٹ بند کرنے سے پہلے کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر اور ساتھی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کے اس اقدام سے نہ صرف صنعتی یونٹوں اور کارکوں کو ڈسٹرب کیا گیا ہے بلکہ ممکنہ نئی سرمایہ کاری کی راہ میں بھی روڑے اٹکانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این جانب وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف پنجاب کو صنعتی حب بنانے کا خواب دیکھتے ہیں تو دوسری طرف صنعتی امن خراب کیا جارہا ہے ، ایل ڈی اے کا صنعتی یونٹ سیل کرنے کا اقدام وزیراعلیٰ کی ویژن کے منافی ہے جس کا وزیراعلیٰ کو فوری طور پر نوٹس لینا چاہئے ۔