آزاد کشمیر کے موجودہ حکمرانوں نے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کو فراموش کرتے ہوئے قومی تشخص کو پامال کیا ہے،بیرسٹر سلطان محمود ،

ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، آزاد کشمیر کے قومی تشخص کو بحال ،کرپشن اور تعصب کو ختم کرانے کے لئے نکلے ہیں، پارٹی کارکنوں اور میڈیا سے خطاب

ہفتہ 24 جنوری 2015 23:38

پلندری( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پیپلزپارٹی آزادکشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ سدھنوتی سے ہی آزاد خطہ کی تحریک کا آغاز ہوا اور ہمارے آباؤ اجداد نے اپنے زور بازو سے آزاد کشمیر کو آزاد کرایا لیکن آزاد کشمیر کے موجودہ حکمرانوں نے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کو فراموش کرتے ہوئے قومی تشخص کو پامال کیا ۔

مگر ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور آزاد کشمیر کے قومی تشخص کو بحال کرانے ،کرپشن اور تعصب کو ختم کرانے کے لئے نکلے ہیں اور ہماری جدوجہد قومی تشخص کی بحالی اور کرپشن و تعصب کے خاتمے تک جاری رہے گی۔میں نے اپنے دور حکومت میں فنڈز نہ ہونے کے باوجود پلندری میں کیڈٹ کا لج شروع کرایا تاکہ ہماری آئندہ نسلیں اعلی تعلیم کے زیور سے روشناس ہو سکیں اوراور شہداء کی روحوں کو تسکین مل سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پلندری ریسٹ ہاؤس میں پارٹی کارکنوں اور میڈیا ک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے نامساعد حالات کے باوجودنہ صرف پلندری میں کیڈٹ کالج کا آغاز کیا بلکہ بائی پاس روڈ اور دیگر منصوبہ جات بھی مکمل کیے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہ ہونے کے باعث عوام میں بے چینی و اضطراب پایا جاتا ہے۔

میں نے آزاد کشمیر کے موجودہ حکمرانوں کی اصلاح واحوال کی بہت کوشش کی یہاں تک کہ پارٹی قیادت کو بھی آگاہ کیا لیکن یا تو پارٹی قیادت نے اس مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی یا یہ انکی مان نہیں رہے ہیں کچھ تو دال میں کالا ضرورہے۔مگر اب میں اس مسئلے کے حل کے لئے عوام میں نکلا ہوں اور عوام جو بھی فیصلہ کرے گی میں اسے قبول کرونگا اور مجھے یہی لگتا ہے کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں اور اگر ایسا ہے تو اس بات کو پھر کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سردار عتیق سخاوت، سابق مشیر حکومت سردار امتیاز خان،سردار سجاد جعفر خان، پیپلز پارٹی سدھنوتی کے رہنماؤں سردار طفیل ایڈووکیٹ، سردار حنیف تبسم، سردار نصیر، سردار ذوالفقار ناز، سردار دل محمد،حاجی سردار منظور آف بارل، سردار وحید اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :