نیشنل گرڈ میں خرابی سے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

ہفتہ 24 جنوری 2015 00:47

نیشنل گرڈ میں خرابی سے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جنوری۔2015ء) گڈو سے کوئٹہ آنے والی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے نیشنل گرڈ میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا اور کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔ نجی ٹیلی ویژن کے مطابق گڈو سے کوئٹہ آنے والی 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی ہے جس سے نیشنل گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی پیدا ہوگئی اور اس کے نتیجے میں کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد سمیت متعدد شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔

گڈو سے کوئٹہ آنے والی 220 کے وی کی لائن ٹرپ کرنے سے بلوچستان کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔نیشنل گرڈ میں خرابی کے سبب این ٹی ڈی سی کے 220 کے وی کے تین اسٹیشن ٹرپ ہونے سے لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاریکی میں ڈوب گیا ہے، نیشنل گرڈ میں خرابی سے کراچی کو بھی بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے، بن قاسم اور دیگر پاور پلانٹ بند ہونے سے شہر قائد میں مکمل طور پر بلیک آؤٹ ہوگیا ہے اور کے الیکٹرک کا سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ شہر کو نیشنل گرڈ سے ملنے والی 650 میگا واٹ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

حیدرآباد میں بھی 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی ہے جس سے جامشورو اور تھرمل پاور اسٹیشن نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور اس کے نتیجے میں سندھ کے مختلف شہروں کو بھی بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔خیبرپختونخوا میں بھی پشاور سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں بجلی کی فراہمی مکمل طورپر معطل ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوگیا ہے۔دوسری جانب ترجمان وزارت پانی بجلی کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث ملک میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تاہم نیشنل گرڈ میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کیا جارہا ہے اور ملک میں جلد ہی بجلی کی بحالی کی کوشش کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :