شاہ رخ خان اور کاجول پھر ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے

رواں برس شاہ رخ خان پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ بھی فلم”رئیس“ میں نظر آئیں گے شاہ رخ اور نواز الدین صدیقی کی پرستار ہوں ان کے مدمقابل کام کرنے سے دباؤ کا شکار ہوں‘ماہرہ

اتوار 25 جنوری 2015 11:15

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) کون ہے جو شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی کو فراموش کردے درحقیقت بولی وڈ کی یہ جوڑی بلاک بسٹر فلموں کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کرن ارجن، کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم اور مائی نیم از خان جیسی فلمیں اس جوڑی کی کامیابیوں کی داستان بیان کرتی ہے اور اب یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ ڈائریکٹر روہت شیٹھی ان دونوں اسٹارز کو ایک بار پھر اکھٹا کر رہے ہیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق روہت شیٹھی کی اس بے نام فلم میں شاہ رخ خان کی شمولیت کی تصدیق تو ہوگئی ہے تاہم کاجول کی جانب سے ابھی حامی بھرنا باقی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روہت شیٹھی ابھی کاسٹنگ کر رہے ہیں اور فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ کاجول اس فلم میں کام کر رہی ہیں کہ نہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ رواں برس شاہ رخ خان پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ بھی فلم”رئیس“ میں نظر آئیں گے جن کے بارے میں حال ہی میں بولی وڈ کنگ نے کہا تھا کہ میری ماہرہ سے دو منٹ کی ملاقات ہوئی تھی اور میں نے اس کا کام دیکھا تھا وہ واقعی زبردست اداکارہ ہے۔

دوسری جانب ماہرہ خان نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان اور نواز الدین صدیقی کے مدمقابل کام کرنے کے خیال سے کچھ دباؤ کا شکار ہیں کیونکہ وہ ان دونوں کی پرستار ہیں، خوش قسمتی سے مجھے پاکستان میں کچھ بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جس سے مجھے فلم کے سیٹ میں بہت مدد ملے گی اور مجھے توقع ہے کہ میں شاہ رخ اور نواز الدین صدیقی سے کافی کچھ سیکھ سکوں گی۔

متعلقہ عنوان :