یوکرین ماریوپول نامی شہر پر راکٹ حملوں میں 35افراد ہلاک  80 زخمی زخمیوں میں بعض کی حالت نازک

یوکرینی حکومت نے روس نواز علیحدگی پسند باغیوں کو ذمہ دار ٹھہرادیا …… راکٹ یوکرینی فوج نے داغے تھے باغی

اتوار 25 جنوری 2015 12:50

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) یوکرین کی وزارت داخلہ نے کہاہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں ماریوپول نامی شہر پر راکٹ حملوں میں 35افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرینی حکومت نے حملوں کے لیے روس نواز علیحدگی پسند باغیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے باغیوں کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ یوکرینی فوج نے داغے تھے۔

مشرقی یوکرین میں باغیوں کے مرکزی رہنما نے پہلے تو ماریوپول پر چڑھائی کا اعلان کیا تاہم پھر کہا کہ وہ شہر میں داخل نہیں ہوں گے۔یوکرینی حکام کے مطابق راکٹ حملوں میں روس کے حامی باغیوں نے ایک مارکیٹ اور رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔یورپ میں تحفظ اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای کا بھی کہنا ہے کہ راکٹ باغیوں کے زیرِ اثر علاقے سے پھینکے گئے تھے۔

(جاری ہے)

خودساختہ عوامی جمہوریہ دونیستک کے سربراہ الیگزینڈر ذاخارچینکو نے کہا کہ ان کی افواج نے ماریوپول کے نزدیک کسی عسکری کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے باغیوں پر راکٹ حملوں کا الزام عائد کیے جانے کے بعد انھوں نے اپنے فوجیوں کو شہر کے مشرق میں یوکرینی فوج کی پوزیشنوں پر حملہ کرنے کا حکم دیا ادھر یوکرین اور نیٹو کا کہنا ہے کہ روس ان باغیوں کی حمایت کر رہا ہے جن کے سربراہ الیگزینڈر ذاخارچنکو نے کہا تھا کہ باغی جنگ بندی کے مذاکرات کی مزید کوششیں نہیں کریں گے اور وہ کیئف کے ساتھ جنگ بندی نہیں چاہتے۔

متعلقہ عنوان :