سانگلہ ہل‘ بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم‘ 3 افراد جاں بحق

اتوار 25 جنوری 2015 13:42

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء)سانگلہ ہلمیں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار 2 سگے بھائی‘ ایک برادر نسبتی سمیت 3 نوجوان مار ڈالے۔ تفصیلات کے مطابق سانگلہ ہل میں الصبح خوفناک حادثہ‘ 3 انسانی جانیں لے گیا۔ سیالکوٹ سے سانگلہ ہل آنے والی تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار 2 سگے بھائی اور ایک برادر نسبتی سمیت 3 نوجوان مار ڈالے۔

سانگلہ ہل کے محلہ احمد آباد نئی آبادی کا نوجوان محمد فیصل انصاری اپنے دو بہنویوں (سگے بھائی) خلیل اور یونس کو موٹر سائیکل پر ان کے گاؤں چک 28 لونگووال چھوڑنے جا رہا تھا کہ سیالکوٹ سے آنے والی تیز رفتار بس سانگلہ ہل نہر کی پٹڑی پر محکمہ اخبار کے دفاتر کے سامنے موت کا فرشتہ بن کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس پر دونوں سگے بھائی اور ان کا بردار نسبتی تینوں موقع پر ہی جان بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس پر بس ڈرائیور جائے حادثہ سے غائب ہو گیا اس المناک حادثہ کی خبر آناً فاناً پھیل جانے پر ہزاروں لوگ بھی جمع ہو گئے اور ڈی ایس پی سمیت سٹی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ایک گھنٹہ قبل گھر سے ہنسی خوشی نکلنے والے بھائیوں کی نعشیں گھر پہنچنے پر قیامت صغریٰ بپا ہو گئی۔ گھر والوں کی آہ و بکا اور ماتم غم نے ہزاروں لوگوں کی آنکھیں پرنم کر دیں۔

اس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تینوں شادی شدہ تھے۔ متوفیان خلیل احمد اور محمد یونس کی ایک ہی گھر میں فیصل انصاری کی دو بہنوں کے ساتھ شادی ہوئی تھی اور فیصل انصاری کی بھی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی جو کہ 2 ماہ کے شیر خوار بچے کا باپ تھا اس ہادثہ سے دو سگی بہنوں سمیت 3 خواتین بیوگان ہو گئیں۔ ادھر سانگلہ ہل سٹی پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے ہوالے کر دیں اور پولیس نے بس اور موٹر سائیکل قبضہ میں لے لئے۔