بھارتی وزیراعظم بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ دہشتگرد ہیں‘مولانا مفتی محمد رویس خان

نریندر مودی بابری مسجد کی شہادت کے علاوہ گجرات کے ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کا خون ان کے ذمہ ہے

اتوار 25 جنوری 2015 14:14

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) بھارتی وزیراعظم بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ دہشتگرد ہیں۔بابری مسجد کی شہادت کے علاوہ گجرات کے ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کا خون ان کے ذمہ ہے۔ امریکی صدر بھارتی جنتاپارٹی کی دہشتگرد ی سے کمپرومائز کرچکے ہیں۔ کل 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاست بھرمیں بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایاجائے۔

ان خیالات کااظہار آل جموں وکشمیر جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیرمفتی اعظم مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی ،سینئر نائب امیر مولانا قاضی محمود الحسن اشرف ،سینئر رہنما مولاناسعید الرحمن تنویر، مرکزی نائب انتخاب مولانا محمد ریاض عثمانی، مرکزی ناظم مولا نا عبد الماجد کشمیری، مولانا قاضی منظور الحسن ،مولانا عبد الشکور حقانی، مولانا حسین احمد مولانا ھدایت اللہ مولاناپروفیسر محمد عمران، مولانا محمد ایوب،مولانا محمد ابراہیم، علامہ عطااللہ علوی ،زبیر احمد عارفی ،مولانامفتی محمد اعجازاحمد، مولانامفتی محمد اختر،مولاناقاری غلام رسول نقشبندی، مولاناقاری عبد الروٴوف عثمانی ، مولاناقاضی طیب منظور ، مولاناڈاکٹر انعام الحق ، مولاناقاضی نصیب الرحمن، مولانا ممتاز حسین ، مولاناپروفیسر لقمان مسعود چغتائی ، مولاناضیاء الحق فضل ، مولاناواجد علی اعوان اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کوعالمی سطح پر دہشتگرد تسلیم کیاجاچکاہے اوربابری مسجد کی شہادت، گجرات کے مسلمانوں کے قتل عام اورحال ہی میں بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ہندوبنانے ، مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کوقتل کرنے اور انکے حقوق کوپائمال کرنے کے مرتکب ہوچکے ہیں۔ انھوں نے کہا بھارتی وزیراعظم نے 1949میں اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو ان کاحق خود ارادیت دلانے کا وعدہ کیاتھا، آج امریکی صدر بھارتی دورے کے دوران اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بھارت کیطرف سے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کی بابت ضرور بات کریں۔

انھوں نے کہا پاکستان ایک پرامن ملک ہے ، اوراسلام دین امن وسلامتی ہے ، اسلام میں بچوں ،عورتوں ، بوڑھوں کوحالت جنگ میں بھی قتل کرنے کی اجازت نہیں۔پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت کا فعال کردار بار ہا ثابت ہوچکاہے ۔ انھوں نے کہاافواج پاکستان اورپاکستان کے عوام ، دینی مدارس اور علماء کے درمیان بھارت اوراسرائیل کی ایجنسیاں اختلافات پیداکرناچاہتی ہیں۔

لیکن پاکستان کی بہادر افواج، جراتمندعوام اور محب وطن مسلمان ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔انھوں نے کہا مغرب کی طرف سے توہین رسالت کے واقعات کاپے درپے ارتکاب عالمی امن کے لیے خطرہ ہونے کے ساتھ ساتھ انتہاء پسندی اور دہشتگردی کابھی سبب بنتاہے۔ اس لیے تمام انبیاء  جو ساری انسانیت کے محسن اور قابل احترا م ہیں، کی توہین کو عالمی سطح پر قابل تعزیر جرم قراردیکر عالمی امن کو محفوظ کیاجاسکتاہے۔

انھوں نے آزادکشمیرمیں لوڈشیڈنگ ، کرپشن، لوٹ کھسوٹ ، بدیانتی اوروزراء کی شاہ خرچیوں پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے آزادکشمیرمیں مختصر حکومت قائم کرنے، احتساب کے نظام کوشفاف بنانے ، اعلیٰ عدلیہ میں میرٹ کے مطابق تقرریاں کرنے، شریعت کورٹ میں شریعت اسلامیہ کے ماہر علماء کرام ، ماہرین قانون کوتعینات کرنے کامطالبہ کیا۔ انھوں نے کہامدارس دینیہ نے ہمیشہ امن ، سلامتی ،اخوت اورمحبت کورواج دیاہے ،حکومت آزادکشمیرکی طرف سے مدارس کے مسائل کے حل میں سستی اوررجسٹریشن کے عمل میں تاخیر قابل برداشت نہیں۔

انھوں نے کہامدارس کی رجسٹریشن میں سختی اور اپنے گھروں میں تعلیم کااہتمام کرنے پرپابندی جیسی باتیں کشمیری عوام میں تشویش کاموجب ہیں، حکومت پاکستان کے ساتھ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے طے شدہ معاہدہ کی روشنی میں مدارس کی رجسٹریشن میں آسانیاں پیداکی جائیں اور غیرضروری شرائط سے اجتناب کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :