آنیوالے دنوں میں بجلی کا بحران شدید ترین ہونے کا خدشہ ہے ‘ منظور احمد وٹو

موجودہ حکومت ، نا اہلی بد انتظامی کی ماہر ہونے کے علاوہ وژن سے بھی عاری ہے ‘ صدر پیپلز پارٹی پنجاب

اتوار 25 جنوری 2015 14:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ حکومت کی بد انتظامی کی وجہ سے فرنس آئل کے ذخائر ختم ہونے کے قریب ہیں جس سے آئندہ کچھ دنوں میں بجلی کا بحران شدید ترین ہونے کا خدشہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے باوجود اس وقت بھی بڑے شہروں میں بجلی کی تقریباً 12گھنٹوں سے زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہاتی علاقوں میں تو بجلی کبھی کبھار آنے سے پتھر کے زمانے کی یاد آتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ٹیوب ویلز بند ہونے کی وجہ سے آبپاشی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جسکی وجہ سے آئندہ اچھی فصل کے امکانات مخدوش ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ، نا اہلی بد انتظامی کی ماہر ہونے کے علاوہ وژن سے بھی عاری ہے اس لیے لوگوں کی اس حکومت سے وابستہ اچھے دنوں کی تمام امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بڑے فخر سے کہتے تھے کہ وہ سالوں میں نہیں بلکہ مہینوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پاکر دکھائیں گے اور وہ مینار پاکستان میں ہاتھ میں پنکھا لئے پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف بجلی کی لوڈشیڈنگ کا احتجاج کرتے تھے۔ آج وہ کہاں ہیں ،اپنے دعوؤں کی وجہ سے اب وہ لوگوں کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہے ۔

متعلقہ عنوان :