قومی کرکٹرز نے عارضی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط سے انکار کر دیا

پورے سال کا مکمل کنٹریکٹ دیا جائے ۔۔۔ کھلاڑیوں کا مطالبہ

اتوار 25 جنوری 2015 14:47

قومی کرکٹرز نے عارضی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط سے انکار کر دیا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء)قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے پی سی بی کے تین ماہ کے عارضی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹرز کا اصرار ہے کہ انہیں پورے سال کا مکمل کنٹریکٹ دیا جائے۔مصباح الحق کی زیر قیادت قومی کرکٹ ٹیم دو میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے نیوزی لینڈ میں موجود ہے سیریز کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پرمنعقد ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔

ٹیم میں شامل کرکٹرز نے پی سی بی کی جانب سے دیے تین ماہ کے عارضی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا پلیئرز کے سینٹرل کنٹریکٹ دسمبر میں ختم ہوگئے تھے اور پی سی بی نے اس معاہدے میں تین ماہ کی توسیع کرتے ہوئے یکم اپریل سے نیا معاہدہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

(جاری ہے)

کھلاڑی اس عارضی معاہدے سے خوش نہیں ہیں اور بیشتر نے ان پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

کھلاڑیوں کا موٴقف ہے کہ تین ماہ کے معاہدے کا کوئی جواز نہیں۔ نجم سیٹھی کے دور میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کی گئی کئی شقوں سے بھی انہیں اختلاف ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کرائسٹ چرچ میں کھلاڑیوں نے متفقہ فیصلہ کیا کہ بورڈ جب تک پورے سال کا کنٹریکٹ نہیں دیگا کوئی کھلاڑی اس عارضی معاہدے پر سائن نہیں کرے گا۔ کھلاڑی اس بارے میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں تاکہ ان کو پوری صورتحال بتائی جائے۔