سید بازل علی نقوی نے پنجگراں بالا میں سڑک کاسنگ بنیاد رکھ دیا

لوگوں کی بڑی تعداد نے مسلم کانفرنس کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی

اتوار 25 جنوری 2015 14:49

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،زراعت ولائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے پنجگراں بالا میں سڑک کاسنگ بنیاد رکھ دیا ،عوام علاقہ استقبال کے لیے امنڈ آئے ، والہانہ اسقبال ،وزیر اطلاعات کو پھولوں کے ہاروں سے لاد دیا ،فضا ء جئے بازل کے نعروں سے گونج اٹھی ، نوجوانوں نے وزیر اطلاعات سے والہانہ اور شدیدمحبت کا اظہار کیا جس پر سید بازل علی نقوی ان کا شکریہ ادا کرتے رہے ،نظم'' کشمیر کی تو شان ہے بازل علی نقوی '' کی نظم نے سماں باندھ دیا ۔

لوگوں کی بڑی تعداد نے مسلم کانفرنس کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ،سید بازل علی نقوی کی قیاد ت پر مکمل اعتماد کااظہار ،نئے شامل ہونے والوں میں سید ذاکر حسین شاہ ،عابد لعل حسین ، آفتاب مغل ، زاہد حسین مغل اپنی برادریوں سمیت شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرا طلاعات سید بازل علی نقوی نے لوگوں کے اعتماد پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوے کہا کہ ساری تعریفیں اس پاک ذات کے لیے ہیں اور میں اسی کا شکر بجا لاتا ہوں ،انہوں نے عوام علاقہ کا دل کی اتہاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی امنگوں کی ترجمان اور لوگوں کے دلوں کی آواز ہے ۔کشمیری عوام آج 26 جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منا کر یہ ثابت کر دیں گے کہ بھارت کی بالادستی اور مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کسی بھی صورت قبول نہیں ہے ہم ہر صورت میں الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے یہی ہمارا مقصد اور یہی ہمارا نصب العین ہے جس کے لیے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں ۔

عوام کی فلاح و بہبود ہی ہماری پالیسیوں کا محور ہے۔وزیرا طلاعات نے کہا کہ میں سب سے کہتا ہوں کہ وہ کام کریں ،کام ،کام اورکام یہی میرا مشن ہے زمینداری پر توجہ دیں ،باغات اگائیں ،جانور پالیں ،سبزیاں کاشت کریں ،سب لوگ کام کریں اور اس خطے کو جو اللہ تعالی نے ہمیں دیا ہے خوشحال بنائیں ۔انہوں نے کہا یہ کام اپنے اپنے گھروں سے شروع کریں ،پہلے آپ خود کو خوشحال بنائیں گے تو پھر آپ اس قابل ہوں گے کہ اپنے ملک اور قوم کے لیے کچھ کر سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت و لائیو سٹاک ،زمینداری ،باغات لگانے ،مرغبانی ،ڈیری فارمز ،بھیٹریں اور بکریاں پالنے سمیت کئی طرح کے کامون کے لیے مارک اپ کے بغیر قرضے دے رہاہے ،انہوں نے کہا کہ اس قرضے کی واپسی کے لیے بھی آسانی رکھی گئی ہے اور حکومت اس کا مارک اپ ادا کر رہی ہے جس کی پہلی قسط ہم نے ادا بھی کر دی ہے ۔بیروزگاری ختم کرنے کے لیے یہ ہماری طرف سے شروع کیا جانے والا بہترین پروگرا م ہے۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ سستی چھوڑیں اور کام کی عادت اپنائیں آپ کو چاہیے کہ نکلیں کام کے لیے روزگار کے لیے ،یہ عادت چھوڑ دیں کہ صبح درخواستیں لیکر ہر دفتر کے چکر لگانے ہیں اور شام کو آ کر سو جانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ صرف کام نہ کرنے کے لیے سرکاری ملازمتوں کے چکر میں پڑے رہتے ہیں ۔خدارا کام کی عادت ڈالیں آپ جہاں ہیں جس پوسٹ پر ہیں اپنی صلاحیتوں کو مثبت اندا زمیں استعمال کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یورپ سے سیکھنا چاہیے کہ وہ کس قدر محنتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میر ی دلی خواہیش ہے کہ میں لچھراٹ کو ریاست کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ علاقہ بنادوں ،یہاں کا ہر باسی بنیاد ی سہولتوں سے مزین ہو اور گھر گھر میں تعلیم ہو ،پڑھا لکھا اور ترقی یافتہ لچھراٹ میرا خواب ہے جس کے لیے میں پوری کوشش کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کسی صور ت میں برداشت نہیں کروں گا ،میں کسی کی چائے کی پیالی کا بھی روادار نہیں ہوں ،عوامی منصوبوں میں کوئی ہیرا پھیر ی کا سوچے بھی نہ بازل نقوی آپ کو یقین دلاتا ہے کہ جو پیسہ آپ کی فلاح کے لیے آئے گا وہ آپ پر ہی خرچ ہو گا ، علاقے کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس کے لئے تمام ضروری وسائل بھی فراہم کئے جایئں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات کے ساتھ قلبی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو کامیاب بنایا اور ہم ایک طویل جدوجہد کے بعد اس مقام پر پہنچے ۔انہوں نے کہا ریاست میں جمہوریت کاتسلسل بھی شہید بھٹو کی وجہ سے ہے۔شہید بھٹو نے آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں خصوصی دلچسپی لی جسے بعد میں محترمہ بینظیر شہید نے آگے بڑھایااور اب پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں کشمیری عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور مضبوط خارجہ پالیسی کے ذریعے کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور کشمیری عوام کو سیاسی طور پر منظم کیا ۔انہوں نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ۔سید بازل علی نقوی نے کہاکہ ڈیر ی فارمز کا آغاز ہو چکا جن افراد نے ڈیری فارمز کھول لیے ہیں وہ دل و جان سے کا م کریں اللہ تعالی برکت دے گا اور وہ نہ صرف اپنے ،اپنے خاندان بلکہ کئی لوگوں کی کفالت کا باعث بنیں گے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل میر مشتاق ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر پٹہکہ حاجی غلام مصطفیٰ ،سابق صدر پیپلزپارٹی حلقہ دو فرمان شاہ ، ملک عبدالحی ، منظور مغل ، رمضان مغل نے کہا کہ وزیر اطلاعات کی شکل میں علاقے کو دلیر اور عوامی قائد ملا ہے ہم ان کی قیادت میں متحد اور منظم ہو کر علاقے کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کریں گے ۔انہوں نے وزیر اطلاعات کی قیادت کو سراہا اور علاقے کی ترقی کے لئے ان کے جذبے کی تعریف کی ۔

انہوں نے کہا کہ سید بازل علی نقوی کی شکل میں علاقے کو ایک ایسا قائد ملا ہے جس نے اس خطے کو روشن کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں جس طرح ہمیں حصہ ملا ہے ماضی میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا اور یہ سب اس وجہ سے ممکن ہوا ہے کہ ہمارا قائد دلیر اور بے باک ہے ۔

متعلقہ عنوان :