سانحہ پشاور نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے ، ڈی سی او جہلم

ملک کے تمام ادارے عوامی مدد سے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں

اتوار 25 جنوری 2015 15:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چکری راجگان میں سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے ضلع جہلم کے رہائشی مہر علی اعظم شہید سے منسوب نیا بلاک تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی کے اندھیروں کو تعلیم کی روشنی سے شکست دی جا سکے۔یہ بات ڈی سی او جہلم ذوالفقاراحمد گھمن اور جی او سی جہلم میجر جنرل شیر افگن نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول، چکری راجگان میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے ضلع جہلم کے رہائشی مہر علی اعظم سے منسوب بلاک کے سنگ بنیاد کی نقاب کشائی پر وقار تقریب میں کہی۔

اس موقع پر مہر علی اعظم شہید کے والد کوثر اعجاز ، ای ڈی او ایجوکیشن جہلم، گورنمنٹ ہائی سکول، چکری راجگان کے اساتذہ اور طالبعلم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہر علی شہید بلاک کی تعمیر کا منصوبہ 5.066 ملین روپے کی لاگت سے تین ماہ میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی مکمل کیا جائیگا۔ میجر جنرل شیر افگن نے مہر علی شہید بلاک کی تعمیر کے لئے ایک لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا۔

ذوالفقار احمد گھمن نے کہاکہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور ملک کے تمام ادارے عوامی مدد سے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد اپنی بز دلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہاکہ جو قوم اپنے شہیدوں پر فخر کرتی ہو اس کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔ جی او سی جہلم میجر جنرل شیر افگن نے کہاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری قوم متحد ہو چکی ہے اور گورنمنٹ ہائی سکول چکری راجگان میں مہر علی شہید بلاک کی تعمیر کا مقصدسانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے جہلم کے رہائشی کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔

چکری راجگان کے رہائشیوں اور مہر علی شہید کے والد کوثر اعجاز نے گورنمنٹ ہائی سکول ، چکری راجگان میں مہر علی شہید بلاک کی تعمیرکے آغاز پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :