ایبٹ آباد،چیتے نے حملہ کرکے چھ سالہ بچی کو ما ر ڈالا

مقامی لوگوں کا محکمہ وائلڈ لائف کیخلاف نعش کے ہمراہ فوارہ چوک میں احتجاج‘ شاہراہ ریشم گھنٹوں بلاک

اتوار 25 جنوری 2015 15:39

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) بانڈی میرا میں چیتے نے حملہ کرکے چھ سالہ صباء نور کوموت کے منہ میں پہنچادیا۔ مقامی لوگوں کا محکمہ وائلڈ لائف کیخلاف نعش کے ہمراہ فوارہ چوک میں احتجاج۔ شاہراہ ریشم گھنٹوں بلاک۔اس ضمن میں مقامی ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کی شام گاؤں بانڈی میرا کے رہائشی محمد منظور کی چھ سالہ بیٹی صباء نورگھر کے باہر موجود تھی کہ چیتے نے اس پر حملہ کردیا۔

بچی کے شور پر مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ تاہم لوگوں کے پہنچنے سے قبل ہی بھوکے درندے نے بچی کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے۔ اتوار کی صبح بانڈی میرا کے مقامی لوگ امیرجماعت اسلامی عبدالرزاق عباسی کی قیادت میں نعش کے ہمراہ فوارہ چوک پہنچ گئے۔ اور احتجاجاً شاہراہ ریشم پر ہر قسم کی ٹریفک کو کئی گھنٹے تک معطل کئے رکھا۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

اور صوبائی حکومت سے محکمہ وائلڈ لائف کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس موقع پرامیرجماعت اسلامی عبدالرزاق عباسی نے مشتعل مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کی چشم پوشی کی وجہ سے گلیات میں آئے روز خواتین اور بچے چیتوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے چیتوں کی خوراک کا کوئی بندوبست نہیں کیاجاتا۔ جس کی وجہ سے چیتے آبادیوں میں گھس جاتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ وائلڈلائف کے کرپٹ افسران کیخلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ اور محکمہ وائلڈ لائف میں ایسے افسران تعینات کئے جائیں جوگلیات کے لوگوں کو جنگلی حیات کے حملوں سے تحفظ فراہم کرسکیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور اسسٹنٹ کمشنر کی اپیل پر لوگوں نے احتجاج کو ختم کردیا۔ اور ڈی ایف او محکمہ وائلڈ لائف سے مذاکرات کئے گئے

متعلقہ عنوان :