موٹروے پر دن کو بھی دھند اور اسلام آباد میں سب کچھ ”اندھا دھند“ ہے،حافظ حسین احمد

لگتا ہے کہ موجودہ حکومت نے تو بحرانوں اور اندھیر نگری کا ٹھیکہ لے لیا ہے کچھ روز پہلے امریکا مودی کو اس کے ”کرتوتوں“ کی وجہ سے ویزہ دینے پر بھی تیار نہ تھاآج ”کلین چٹ“ دے دی ہے اور ”بھیگی بلی“ ہم بنے ہوئے ہیں اوباما بھارت میں ”سہ روزہ“ لگا رہے ہیں اور یہاں وہ ”گشت“ کیلئے آنے کیلئے بھی تیار نہیں ہم ان کے اشارے پر سب کچھ داؤ پر لگاچکے ہیں،خصوصی بات چیت

اتوار 25 جنوری 2015 16:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ چراغ تلے اندھیرا تو پہلے بھی رہا ہے لیکن لگتا ہے کہ موجودہ حکومت نے تو بحرانوں اور اندھیر نگری کا ٹھیکہ لے لیا ہے‘ موٹروے پر دن کو بھی دھند اور اسلام آباد میں سب کچھ ”اندھا دھند“ ہے‘ اوباما بھارت میں ”سہ روزہ“ لگا رہے ہیں اور یہاں وہ ”گشت“ کیلئے آنے کیلئے بھی تیار نہیں جبکہ ہم ان کے اشارے پر سب کچھ داؤ پر لگاچکے ہیں۔

اتوار کو کوئٹہ سے ٹیلیفون پر ”اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس بحرانوں کے بعد اب بجلی کا بحران بھی سامنے آیا ہے۔ اندھیرے میں کہیں کچھ نظر نہیں آتا اور نہ ہی اس ”اندھا دھند“ کی کیفیت میں کسی کو کچھ سجھائی دیتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ اور اوباما کیلئے ہم نے سب کچھ داؤ پر لگادیا۔

ان کی خواہش پر دینی مدارس اور مذہب کو بھی نشانہ بنایا لیکن وہ اب بھی راضی ہونے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین روزہ دورے میں امریکی صدر اس نریندر مودی سے ”رازو نیاز“ کریں گے جنہیں کچھ عرصہ پہلے ان کے ”کرتوتوں“ کی وجہ سے امریکہ ویزہ دینے پر بھی تیار نہیں تھا لیکن اب اس کی پالیسی تبدیل ہوگئی ہے اور اس نے مودی کو ”کلین چٹ“ دے دی ہے اور ”بھیگی بلی“ ہم بنے ہوئے ہیں۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ ہماری تاریخ یہ بتاتی ہے کہ جب بھی امریکہ ہمیں لات مارتا ہے تو پھر ہم چین کی طرف دیکھتے ہیں۔ 1971ء میں ہم نے امریکی بحری بیڑے کا انتظار کرتے کرتے اپنا بیڑا غرق کرلیا اور مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن گیا آج ہم امریکہ سے ایک ارب ڈالر لینے کے بعد اب چین پہنچ چکے ہیں۔ امریکہ ہمارے سینے پر مونگ دل رہا ہے اور ہم پرویز مشرف کی امریکی مفادات کی پالیسی سے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :