ملک میں بجلی کابریک ڈاؤن حکومت کی نااہلی اور مکمل ناکامی ہے ‘ جماعت اسلامی پنجاب

حکومت کوآئے دوسال ہونیوالے ہیں مگر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے صرف اشتہارات تک دکھائی دیئے ہیں

اتوار 25 جنوری 2015 16:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹر سید وسیم اختراور جنرل سیکرٹری نذیر احمد جنجوعہ نے ملک میں بجلی کے بریک ڈاؤن کو حکومت کی نااہلی اور مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول بحران کے بعد بجلی کے بدترین بحران سے ثابت ہوگیا حکومت کے بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے جھوٹے ہیں۔اپنے بیان میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ حکمران جھوٹ کاسہارالے کر عوام کوطفل تسلیاں دے رہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی،گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔پوراملک اندھیروں میں ڈوباہواہے۔کاروبار زندگی عملاً مفلوج ہوچکا ہے۔حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے لوگ بلبلا اٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی،گیس کی لوڈشیڈنگ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ نے عوام کابھرکس نکال دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عام آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی کما نا مشکل ہوگیا ہے۔

غیر ملکی قرضوں کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل میں بھی دن بدن اضافہ ہورہاہے۔ عوامی مسائل اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ غریب اور عام آدمی نہ جی سکتاہے اور نہ مرسکتا ہے۔مسلم لیگ (ن)کی حکومت کودوسال ہونے کوہیں مگر 18کروڑ عوام کوریلیف فراہم کرنے کے دعوے صرف اشتہارات تک دکھائی دیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :