سیاست میں لاقانونیت کے عنصر کو فروغ دیا گیا تو پاکستان میں جمہوری اداروں اورتمام سیاسی جماعتوں کا نقصان ہوگا، سید شاہ محمد شاہ

سیاست اور جمہوریت ریاست کو طاقتور بنانے کے لئے ہوتی ہے نہ کہ ریاست کو مفلوج کرنے کے لئے؟، سینئر صدر مسلم لیگ(ن) سندھ

اتوار 25 جنوری 2015 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر صوبائی صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاست میں لاقانونیت کے عنصر کو فروغ دیا گیا تو پاکستان میں جمہوری اداروں اورتمام سیاسی جماعتوں کا نقصان ہوگا․ملک بند کرنے کی دھمکیاں پاکستان کے ساتھ کھلم کھلا دشمنی کا اظہار ہیں․ سیاست اور جمہوریت ریاست کو طاقتور بنانے کے لئے ہوتی ہے نہ کہ ریاست کو مفلوج کرنے کے لئے؟․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کروڑوں کارکنوں کی اسٹریٹ پاور کو امتحان میں نہ ڈالا جائے ․ کراچی سے خیبر تک میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والے ملک بند کرنے کی دھمکیوں کا سیاسی و جمہوری مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے ایک بیان میں تحریک انصاف کی قیادت کی " میں نہ مانوں کی رٹ" کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں دئے گئے قوانین و ضوابظ کے مطابق آئندہ انتخابات 2018 میں ہی ہونگے اس سے پہلے انتخابات کے خواب دیکھنے والوں کو غفلت کی نیند سے بیدار ہو کر ملکی حالات کو بہتر بنانے میں وفاقی حکومت کے تاریخی اقدامات کا ساتھ دینا چاہئیے․ انتخابات میں دھاندلی کا چورن پاکستان کی سیاست میں ناکام ہو چکا ہے عدلیہ کے قابل احترام ججوں پر الزامات لگانے والے عدلیہ سمیت ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی سازشوں کا حصہ بن رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شا نے کہا کہ ہماری حکومت کی طرف سے جوڈ یشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے میں کوئی تاخیر نہیں کی جا رہی جبکہ تحریک انصاف کے نت نئے مطالبات جوڈ یشل کمیشن کی تشکیل میں تاخیر کا باعث بن رہے ہیں․ اسی سال نئے انتخابات عمران خان کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن ملک و قوم 2018 سے پہلے کسی انتخابات کو ہوتا نہیں دیکھ رہے․ انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے تحریک انصاف کی مرضی کے مطابق کاروائی ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے جمہوری حق کے ساتھ زیادتی ہوگی جس کی اجازت پاکستان کا آئین نہیں دیتا․ سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کی مر ضی کا جوڈیشل کمیشن بنایا گیا تو ہر سیاسی جماعت اس بات کا مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہوگی کہ اس کے مطالبات بھی تسلیم کئے جائیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے ہر سیاسی جماعت کے آئینی و بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی لیکن کسی ایک جماعت کا اس بات کا حق نہیں دیا جا سکتا کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی قانون سازی کو بلڈوز کر کے رکھ دے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینیئر صوبائی نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کا رونا بہت ہوچکا تحریک انصاف کی قیادت کو سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کو درپیش اہم معاملات میں پارلیمنٹ کے ساتھ چلنا چاہئیے․ سابق چیف جسٹس پر الزامات لگانے سے پہلے تحریک انصاف کی قیادت ان کے حق میں دیئے گئے اپنے بیانات کا مطالعہ کر لے تو اسے احساس ہو جائے گا کہ اس کی سیاست تماشہ بن کر رہ گئی ہے․ پاکستانی قوم اور تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کے سیاسی بیانات اور ان کی نئی قلابازیوں کی وجہ سے مایوس ہو چکے ہیں ․