امریکہ ‘ محکمہ موسمیات کی ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں پیر کو شدید برفانی طوفان کی پیشنگوئی

پیر 26 جنوری 2015 12:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) امریکہ میں محکمہ موسمیات نے ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں پیر کو شدید برفانی طوفان کی پیشنگوئی کی ہے۔ماہرین کے مطابق امریکہ میں فلاڈلفیا سے ریاست مین کے درمیانی علاقے میں اوسطاً دو فٹ تک اور نیویارک میں تین فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔نیویارک کے میئر بل ڈی بلازیو نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ایسے طوفان کے لیے تیار رہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا اور بدترین برفانی طوفان ہو سکتا ہے اور نیویارک کے شہری اسے نظرانداز نہ کریں۔انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور انتہائی اشد ضرورت کے سوا باہر نہ نکلیں۔انھوں نے کہا کہ سب نیویارک والوں کیلئے میرا پیغام یہی ہے کہ وہ ان بدترین حالات کیلئے تیاری کریں جو آج تک ہم نے نہیں دیکھے۔

(جاری ہے)

ہر قسم کے حفاظتی انتظامات کریں یہی وہ وقت ہے کہ اس شدید موسم کے لیے تیاری کی جا سکتی ہے۔بل ڈی بلاسیو نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ ’طوفان کو نظرانداز نہ کریں بدترین کیلئے تیار رہیں اور ہم مل کر اس کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ یہ طوفان تاریخ میں برفباری کے ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔امریکی موسمیاتی چینل کے مطابق طوفان اس علاقے میں بدھ تک جاری رہے گا اور ممکنہ تاریخی سرد طوفان شمال مشرقی امریکہ میں پروازوں کی منسوخی اور تاخیر اور ہوائی اڈوں کی بندش کی وجہ بن سکتا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حکام نے طوفان کے خدشے کی وجہ سے پہلے ہی نیویارک، بوسٹن اور دیگر ہوائی اڈوں سے اڑنے اور وہاں اترنے والی سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق نیو جرسی سے مشرقی میساچوسٹس تک چھ انچ سے ایک فٹ تک برف پڑ سکتی ہے جبکہ میری لینڈ اور پینسلوینیا میں چار سے آٹھ انچ برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔بوسٹن کے میئر مارٹی والش نے بھی عوام سے کہا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی مدد کریں: ’ہم بوسٹن کے ہر ایک شہری سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے ہمسائے کی خبر گیری کرے چاہے وہ کوئی باہر پھرتا دکھائی دے یا آپ کے برابر والے مکان میں رہائش پذیر ہوں۔

متعلقہ عنوان :