یمن ‘ حوثی باغیوں کی جانب سے اقتدار پر قبضے کی کوششوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ زور پکڑ گیا

پیر 26 جنوری 2015 12:06

صنعاء /نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے اقتدار پر قبضے کی کوششوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ زور پکڑ گیا ‘صورت حال پر غور کے لیے بلایا جانے والا پارلیمان کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے دارالحکومت اور سرکاری عمارتوں پر قبضے کے خلاف صنعا اور یمن کے کئی دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے دوسرے روز بھی جاری رہے عینی شاہدین کے مطابق صنعا یونیورسٹی کے قریب جمع ہونے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی وردیوں میں ملبوس حوثی باغیوں نے شدید ہوائی فائرنگ کی۔

حزبِ اختلاف کے حامی ایک ٹی وی چینل کے مطابق ساحلی شہر حدیدہ میں بھی احتجاجی مظاہرے پر باغیوں نے فائرنگ کی جس میں بعض افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا صدر ہادی منصور اور ان کی حکومت کے استعفوں کے بعد پیدا ہونے والے بحران پر غور کیلئے بلایا جانے والا پارلیمان کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔یمن کیلئے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی جمال بن عمر نے کہا کہ یمن کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو نیک نیتی اور تعاون کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی ادارے کے خصوصی ایلچی نے کہا کہ بحران کے خاتمے مشترکہ امن کمیٹی کے قیام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جارہے ہیں۔دریں اثنا یمن کے وزیرِ داخلہ عبدالرقیب فتح نے ایک غیر ملکی ٹی وی کو بتایا ہے کہ حوثی باغیوں نے انہیں اور کابینہ کے دیگر وزرا کو گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :