آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری ‘بند ہونے والی رابطہ سڑکیں نہ کھل سکیں

پیر 26 جنوری 2015 12:52

اسلام آباد/مظفر آباد/پشاور/گلگت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا ‘ برف باری کے باعث بند ہونے والی رابطہ سڑکیں نہ کھل سکیں ‘ سیاحوں کو شدید مشکلات کاسامنا ‘ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے ایک بار پھر دھند کی لپیٹ میں آگئے جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم ایسے ہی سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا ‘ برف باری کے باعث بند ہونے والی رابطہ سڑکیں نہ کھل سکیں ‘ سیاحوں کو شدید مشکلات کاسامنا کر ناپڑا ادھر پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں میں ایک مرتبہ پھر دھند چھا گئی ، پیر کو بھی لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھند نے ڈیرے ڈالے رکھے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ 12 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ، مالا کنڈ اور ہزارہ ڈویڑن میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے کم درجہ حرارت منفی سات سنٹی گریڈ مالم جبہ میں ریکارڈ کیا گیا ۔ کالام میں درجہ حرارت منفی6 ، سکردو منفی چار ، کوئٹہ منفی تین اور مری میں منفی دو رہا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، راولپنڈی ، ساہیوال ، ملتان ، بہاولپور اور سکھر ڈویژن میں صبح اور رات کو دھند پڑنے کا امکان ہے ۔

مالاکنڈ، ہزارہ ، پشاور ، اسلام آباد ، راولپنڈی اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔ ملتان میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور مطلع آبر الود رہے گا ۔ شہر اور گردونواح میں صبح کے وقت دھند کے بادل چھائے رہے محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت اٹھ اعشاریہ پانچ جبکہ زیادہ سے زیادہ سولہ سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب ترانوے فیصد ہے بلوچستان کے علاقوں قلات، مستونگ،زیارت،چمن، پشین اور ڑوب سمیت دیگر شمالی اور کچھ جنوبی حصوں میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم ایسے ہی سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :