مصباح الحق کھلاڑیوں کے لئے فائٹ نہیں کرتے، اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں ، شعیب ملک

پیر 26 جنوری 2015 13:02

مصباح الحق کھلاڑیوں کے لئے فائٹ نہیں کرتے، اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ..

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ قائد مصباح الحق کھلاڑیوں کے لئے فائٹ نہیں کرتے، اور اپنے مفادات کو تر جیح دیتے ہیں وہ پچاس فیصد جارحانہ اور پچاس فیصد دفاعی کپتان ہیں۔ ورلڈ کپ جتوانے کے لئے انہیں جارحانہ انداز اپنانا ہوگا۔ ایڈیلیڈ میں پاکستان بھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ کی وکٹ ایشیائی وکٹوں جیسی ہے جس پر تین سو رنز کا ہدف بھی طے ہوسکتا ہے ورلڈ کپ کے بعد کپتانی کی آفر ہوئی تو ضرور قبول کرونگا ، ایک سال میں ڈھائی ہزار رنز کئے پھر بھی ٹیم سے باہر ہو، پاکستان کے پاس شاہد آفریدی کے بعد کوئی پراپر آل راؤنڈر موجود نہیں ہے ، حارث سہیل کو پانچ سال پہلے کہہ دیا تھا کہ باؤلنگ پریکٹس بھی شروع کرو، کسی کھلاڑی کو بنانے میں کپتان ، کوچ اور سلیکشن کمیٹی کا اہم کردار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹر ویو دیتے ہوئے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ مصباح کے مقابلے میں شاہد آفریدی ، یونس خان اور محمد حفیظ کھلاڑیو ں کے لئے فائٹ کرتے ہیں۔ میری کپتانی میں مصباح کا کم بیک ہوا تھا لیکن مجھے اس پر پشیمانی نہیں ہے کیوں کہ ان کی شمولیت سے پاکستانی ٹیم کا فائدہ ہوا ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ یونس خان کے خلاف ہونے والی بغاوت میں میرا کوئی کردار نہیں تھا۔

شعیب ملک نے کہا کہ ورلڈ کپ کی ٹیم سے ڈراپ ہونے پر مایوس ضرور ہوا ہوں لیکن میری خواہش ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے۔ موجودہ ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ 2007 میں یونس خان کے انکار کے بعد بورڈ نے مجھے کپتان بنایا تھا اور میرا دور اس قدر خراب بھی نہیں تھا۔جب 2009 میں مجھے کپتانی سے ہٹانے کی باتیں ہو رہی تھیں اس وقت میں اعجاز بٹ کو پیغام دے چکا تھا کہ میں کپتانی نہیں کرنا چاہتا۔

اعجاز بٹ نے مجھے کہا کہ آپ اپنا استعفی دیں۔ میرے بارے میں ٹیم انتظامیہ نیمنفی رپورٹ بورڈ کو دی جس میں کہا گیا تھا کہ میں کھلاڑیوں سے نہیں ملتا اور دیمک بن کر ٹیم کو نقصان پہنچا رہا ہوں شعیب ملک نے کہا کہ ایک سال میں ڈھائی ہزار رنز کئے پھر بھی ٹیم سے باہر ہوں ، یہاں ایک سنچری کرنے والا ٹیم میں شامل کرلیا جاتا ہے ،کبھی کسی کے بارے میں کوئی غلط بات نہیں کی ،جلد بھروسہ کرلیتا ہوں جس کا ہمیشہ نقصان ہوا ، بورڈز اگر ورلڈ کپ سے پہلے مجھ سے بات کرلیتا تو کوئی بری بات نہیں تھی اپنی کپتانی میں ہمیشہ کوشش کی کہ ٹیم کو اوپر لے کر آؤں۔

شعیب ملک نے کہا کہ بھار ت کیخلاف ہمیشہ رنز کئے مگر ا س کے باوجود میرا نمبر تبدیل کردیا جاتا تھا میری دعا ہے کہ پاکستان عالمی کپ میں اچھا پرفارم کرے اور کامیاب ہوکر وطن واپس آئے جنید خان کا فٹ ہونا ضروری ہے وہ ٹیم کیلئے بہترثابت ہوسکتا ہے پاکستان ٹیم کے پاس شاہد آفریدی کے بعد کوئی پراپر آل راؤنڈر موجود نہیں ہے حارث سہیل کو پانچ سال پہلے کہہ دیا تھا کہ وہ باؤلنگ بھی کیا کریں حارث سہیل پہلے باؤلنگ نہیں کرتے تھے اب انہوں نے باؤلنگ شروع کی ہے ۔ ورلڈ کپ میں بھارت کے میچ کے حوالے سے شعیب ملک نے کہا کہ بھارت کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے ہمارے باؤلرز کو ان کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا کسی کھلاڑی کو بنانے میں کپتان ، کوچ اور سلیکشن کمیٹی کا اہم کردار ہوتا ہے

متعلقہ عنوان :