شاہد آفریدی کو اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہئے، راشد لطیف

پیر 26 جنوری 2015 13:53

شاہد آفریدی کو اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہئے، راشد لطیف

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء ) سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہئے اور ورلڈکپ 2015 کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت کرنی چاہئے۔ ایک انٹرویو کے دوران راشد لطیف نے کہا کہ یاسر شاہ ون ڈے کے اچھے بولر ہیں اور انہیں ایک روزہ میچز کے فارمیٹ میں آزمانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹی اور انور علی دونوں کافی نیچے آکر بیٹنگ کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں بیٹسمین کے طور پر ڈیولپ نہیں کیا جاسکا ہے۔

عبدالرزاق اور اظہر محمود کو اوپر آکربیٹنگ کے مواقع دیے جاتے تھے جس کی وجہ سے ان کی بیٹنگ بہتر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حماد اعظم کو ایک کھلاڑی کے طور پر استعمال کرنے میں ناکام رہے اور یہ آل راؤنڈر ڈومیسٹک کرکٹ میں نمبر آٹھ یا نو پر بیٹنگ کرتا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ٹیم کی جانب سے بطور بیٹسمین نہیں کھیل رہا۔

(جاری ہے)

راشد لطیف نے کہا کہ مصباح الحق ایک تجربہ کار کپتان ہیں مگر وہ ورلڈکپ میں سعید اجمل کی کمی محسوس کریں گے۔

سعید اجمل اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن کے بولنگ ایکشنز میں بہت بڑا فرق ہے۔ ان کے بقول سنیل نارائن اس وقت بھی موثر ثابت ہوتا ہے جب وہ دوسرا نہ کررہا ہو۔ ورلڈکپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں لگتا ہے کہ اس نے مستقبل کے حوالے سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے نئے کھلاڑیوں اور ہولڈر کو بطور کپتان متعارف کرایا ہے، یہ ٹیم کسی کو بھی ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم کرس گیل کو بہت زیادہ دباو کا سامنا ہوگا کیونکہ پوری ٹیم ان پر ہی انحصار کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :