پی آئی اے کی دو پروازوں کی برطانیہ میں کسٹم حکام کی جانب سے مکمل تلاشی لی گئی

پیر 26 جنوری 2015 14:11

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) قومی ائیرلائن پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی دو پروازوں کی پیر کو برطانیہ میں کسٹم حکام کی جانب سے مکمل تلاشی لی گئی ہے۔کسٹم حکام نے دونوں پروازوں پر بغیر وجہ بتائے چھاپہ مارا اورتلاشی کے بعد مسافروں کو جانے دیا۔ذرائع کے مطابق پی کے 785 اسلام آباد اور پی کے 787 کراچی کی پروازوں کے عملے کی اس وقت مکمل تلاشی لی گئی، جب پروازوں نے لندن میں لینڈ کیا۔

ایک گھنٹے پر محیط اس چھاپے کے دوران ایئر کرافٹ کے آلات کی بھی مکمل تلاشی لی گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم حکام کسی مخصوص شخص یا چیز کی تلاش میں تھے، تاہم اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔دوسری جانب پی آئی اے ترجمان رانا حنیف نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں اس تلاشی کو معمول کی کارروائی قرار دیا۔

(جاری ہے)

رانا حنیف کے مطابق یہ چھاپے اب معمول بن گئے ہیں۔

وہ جب چاہتے ہیں ہمارے جہازوں کی تلاشی لے لیتے ہیں حتیٰ کہ مسافروں کو بھی سیکیورٹی چیکس سے گزارا جاتا ہے۔برطانوی حکام ہمارے مسافروں کو بھی جہاز سے آف لوڈ کر دیتے ہیں اور جب انھیں کچھ نہیں ملتا تو وہ انھیں دوبارہ جہاز میں سوار ہونے اور جہاز کو روانہ ہونے کی اجازت دے دیتے ہیں رانا حنیف کے مطابق اس طرح کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ بھی پیش آیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے نے اس معاملے کو وزارت داخلہ کے ذریعے برطانوی حکام کے سامنے اٹھایا ہے اور ہمارے کنٹری مینیجر نے بھی اس حوالے سے ایک شکایتی خط تحریر کیا کہ جب مسافروں کو ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے مراحل سے گزرا جاتا ہے تو اس کے بعد اس طرح کی تلاشیاں کیوں لی جا رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایک قوم کے طور پر ہمیں ذلیل کیا جارہا ہے ہم ان پر دباوٴ نہیں ڈال سکتے کیونکہ ہمارے ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

متعلقہ عنوان :