اسرائیلی فوج کا جیلوں میں قید فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد جاری، سات فلسطینی شہید کردیئے گئے، انسانی حقوق تنظیم

پیر 26 جنوری 2015 15:18

رام اللہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیم کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی فوج کی سپیشل تفتیشی یونٹوں کے اہلکاروں کی طرف سے جیلوں میں ڈالے گئے فلسطینیوں پروحشیانہ تشدد کرکے انہیں جان سے مارنے جیسے جرائم کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں جنگی جرائم کے نتیجے میں کم سے کم 7فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔

مرکز برائے اسیران سٹڈی سینٹر کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی جیل انتظامیہ نے فوج کی سپیشل فورس کو قیدیوں پر تشدد کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ یہودی فوجی آئے روز جیلوں پر چھاپے مارتے اور قیدیوں سے غیر انسانی سلوک کرتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج کے جنگی جرائم اور منظم ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ کسی ایک جیل یا چند قیدیوں تک محدود نہیں بلکہ تمام اسیران یکساں وحشیانہ سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صہیونی تفتیش کار قیدیوں کے کمروں کی تلاشی کے دوران اسیران کو گولیاں مارنے سے بھی نہیں چوکتے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا بین الاقوامی انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ جنیوا معاہدے کی دفعہ 85 کے تحت قیدیوں کیساتھ غیر انسانی سلوک کو جنگی جرم سے تعبیرکیا گیا ہے۔ قیدیوں کو وکیل کی اجازت نہ دینا اور اپنی گرفتاری کے خلاف دلائل دینے سے روکنا بھی جرم قراردیا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :