زائرین کیلئے میڈیکل اور ویزا فیس کی شرط ختم کی جائے ‘مولانا محمد عون نقوی

پیر 26 جنوری 2015 15:32

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) مسجد و امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پر منعقدہ زائرین کی تربیتی نشست سے خطاب کے دوران مولانا محمد عون نقوی نے کہا کہ مقدس مقامات کی زیارت قرآن و سنت سے ثابت ہے ،عوام فرائض دینیہ کی ادائیگی کیلئے سعودیہ عرب ،عراق ،ایران ،شام ،لبنان ،مصر جاتے ہیں لہٰذا پاکستان اور ان مسلم ممالک کی حکومتوں کو چاہیئے کہ وہ زائرین کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں ،خاص طور پر میڈیکل اور ویزے کی بھاری فیسوں کی شرائط کو ختم کیا جائے اور ویزے کے حصول میں آسانی پیدا کی جائے ،کیونکہ زائرین ان ممالک کو زر مبادلہ فراہم کرتے ہیں اور ہر سال کروڑوں زائرین مقدس مقامات کی زیارات کو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ان ممالک کی حکومتیں اور اسلام آباد کے سفارتخانے زائرین کیلئے مشکلات پیدا کرتے ہیں جو کہ زائرین کیساتھ ظلم ہے،اس موقع پر نوازش رضا رضوی،موسیٰ رضاء ،محمد علی ،ملک اظہار اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ زائرین پاکستان کے سفیر ہیں لہٰذا وہ اپنے کردار اور ان ممالک کے قوانین کی پاسداری کریں ،تقریب میں ظل ثقلین ،میثم رضاء ،مجاہد حسین اور دیگر نے نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔