ناظم آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت کرنیوالا پولیس اہلکار جاں بحق

پیر 26 جنوری 2015 17:08

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت کرنے والا پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا،پولیومہم روک دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق ناظم آباد کے علاقے عباسی شہید اسپتال کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے انسدادپولیوٹیم کی سیکیورٹی پرتعینات پولیس اہلکارجاں بحق ہوگیا۔

جس کے بعد یونین کونسل نمبر11 میں پولیو مہم روک دی گئی۔دہشت گرد قوم کے مستقبل کو معذور کرنے کیلئے دوبارہ سرگرم ہوگئے ۔ کراچی میں ایک بار پھرانسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پرتعینات پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا ہے۔شہرمیں 11 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم جاری تھی۔ پیرکو عباسی شہید اسپتال کے قریب انسداد پولیو ٹیم گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین کے قطرے پلا رہی تھی کہ اچانک نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

فائرنگ سے پولیو رضاکاروں کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکارموقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شناخت شاہ میر کے نام سے ہوئی ہے ۔لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ۔واضح رہے کہ پاپوش نگر میں کچھ روز قبل دکان پر فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں کو بھی قتل کیا گیا تھا ۔ادھر ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد یونین کونسل گیارہ میں پولیو سے بچا کی مہم روک دی گئی ہے جبکہ بیالیس یونین کونسلزمیں انسداد پولیو مہم شام پانچ بجے تک جاری رہی۔

متعلقہ عنوان :