پشاور،محکمہ آبپاشی بھل صفائی مہم کوکامیاب بنانے کیلئے تمام ترتوانائیاں بروئے کارلائیں،محمودخان

پیر 26 جنوری 2015 17:08

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے محکمہ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھل صفائی مہم کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں جسے امسال 50کروڑ روپے کی لاگت سے صوبے کی تمام نہروں اور ایریگیشن چینلزکی صحیح معنوں میں صفائی اور تعمیر و مرمت کے کاموں کو مکمل کیا جائے گا۔

یہ ہدایت انہوں نے پیر کے روز انہوں نے چارسدہ موٹر وے انٹر چینج سے لے کر تخت بھائی کراسنگ تک کے روڈ اور کرامت مائنر پربھل صفائی مہم کے افتتاح کے موقع پر دی ۔ اس موقع پر ایکسیئن ایریگیشن چارسدہ ڈوین زاہد اللہ خان نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کو 245.57ملین روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح بھل صفائی مہم کے دوران چارسدہ ایریگیشن ڈویژن میں تمام نہروں کی صفائی و تعمیراتی کاموں کو مکمل کیا جائے گا جس سے آخری ٹیل تک کاشتکاروں کو وافر مقدار میں آبپاشی کیلئے پانی فراہم ہو گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بھل صفائی مہم میں اگر کسی بھی افسر یا اہلکار کو غفلت کا مرتکب پایا گیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے بھل صفائی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس کو مانیٹرکرنے کیلئے محکمہ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے منتخب نمائندوں اور عوام سے بھی کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں بھل صفائی کے کاموں کی نگرانی خود کریں اور کہیں پر بھی غیر معیاری یا تسلی بخش کام نہ ہونے کی صورت میں فوری طور ان کے دفتر میں فون نمبر091-9210710 پر انہیں اطلاع کریں تاکہ غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :