اسلامی یونیورسٹی کے وفد کا سعودی سفیر سے شاہ عبداللہ کی وفات پر اظہار تعزیت

پیر 26 جنوری 2015 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ایک وفد نے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کی قیادت میں پیر کے روز سعودی سفارتخانے میں سعودی سفیر جاسم الخالدی سے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ وفد میں ریکٹر جامعہ کے علاوہ قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر محمد بشیر خان، نائب صدر جامعہ ڈاکٹر طاہر منصوری ، ڈائریکٹر جنرل، ڈینز اور ڈائریکٹر ز بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ امت مسلمہ کی خوشحالی ، فلاح اور بہتری کو مقدم رکھا ۔ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے مزید کہاکہ شاہ عبداللہ کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور ان کے انتقال نے مسلمانوں کے دلوں کو مغموم کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مرحوم سعودی فرمانروا نے پوری زندگی امت مسلمہ اور اسلام کی خدمت کے لیے وقف کر دی اور ان کی یہ خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ ریکٹر جامعہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اس غم کی گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔