باڑہ کے آئی ڈی پیز کی واپسی ،بحالی کا عمل آئندہ ماہ فروری کے وسط میں شروع ہوگا،سردارمہتاب، آئی ڈی پیز کی واپسی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے،متاثرہ علاقوں میں صحت، تعلیم ،بجلی کی بحالی یگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے 85کرو ڑروپے جاری کردیئے گئے ہیں،آئی ڈی پیز کی واپسی پر متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو کا آغازجلد کیا جائیگا،خطے میں حقیقی اور پائیدارامن کیلئے قبائل کو بھی آگے آناہوگا،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 26 جنوری 2015 18:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26جنوری۔2015ء) گورنر خیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ کہ خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے آئی ڈی پیز کی واپسی اور بحالی کا عمل آئندہ ماہ فروری کے وسط میں شروع کیاجارہاہے ۔ آئی ڈی پیز کی واپسی کیلئے تمام انتظامات مکمل کردیئے گئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں صحت، تعلیم اور بجلی کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری طور پر 85کرو ڑروپے جاری کردیے گئے ہیں،آئی ڈی پیز کی واپسی پر متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو کا آغازجلد ہی کیاجائیگااور اس خطے میں حقیقی اور پائیدارامن کیلئے قبائل کو بھی آگے آناہوگا اور حکومت اور سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ پائیدار امن کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

وہ پیرکے روز آپریشن خیبرون میں پیش رفت اور آئی ڈی پیز کی واپسی اوربحالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے جبکہ آئی جی ایف سی میجرجنرل طیب اعظم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجدعلی خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان، پولیٹیکل ایجنٹ خیبرایجنسی شہاب الدین شاہ، سول وملٹری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دورے کے دوران گورنر کو ایف سی کے آپریشنل ہیڈکوارٹر میں علاقے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گورنر سردار مہتاب احمدخان نے سپین قبر ، گنداؤ ، قلعہ سیلپ اور دیگر علاقوں کاتفصیلی دورہ کیا اور وہاں پرموجود سیکورٹی اہلکاروں انہیں علاقے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ گورنرنے کہاکہ آئی ڈی پیز کی واپسی پر ان علاقوں کی تعمیر نو کا آغازجلد ہی کیاجائیگا، قبائل کو بھی امن کے قیام کیلئے آگے آناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت اس علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے تمام تر اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں تاریخی باڑہ بازار کو نئے خطوط پر بحال کیاجارہاہے جس سے خطے میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان، سیکورٹی فورسز ، ایف سی ، لیویز کے افسران وجوانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں خیبرایجنسی سے دہشت گردی کاصفایاہواہے اور اب یہاں کسی بھی دہشت گردکو پناہ نہیں مل سکے گی۔

گورنرسردار مہتاب نے کہاکہ جب بھی اس ملک پر مشکل وقت آیا قبائلی عوام نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس قوم کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اورآخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

اس موقع پر گورنرکو دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا گولہ بارود ، اسلحہ، غیرملکی کرنسی اور دہشت گردی میں استعمال ہونیوالا دیگر سامان بھی دکھایاگیا۔ گورنرنے سیکورٹی فورسز اورایف سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس اقدام سے دہشت گردوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج ، ایف سی اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہے اور انشاء اللہ بہت جلد دہشت گردوں کا صفایا کردیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :