مشکلات سے دوچار عوام کو کسی خرچ کے بغیران کے گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی عبادت سے کم نہیں ،صدر ممنون حسین ، وفاقی محتسب کی طرف سے سمندر پار پاکستانیوں، سوک ایجنسیوں اور فاٹا کیلئے گریونس کمشنروں کی تقرر ی کے فیصلے کی تعریف، عوامی مسائل کے حل کے نظام میں مزید بہتری آنی چاہئے ،دورہ کے موقع پر گفتگو

پیر 26 جنوری 2015 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26جنوری۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مشکلات سے دوچار عوام کو کسی خرچ کے بغیران کے گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی عبادت سے کم نہیں ، اس سلسلے میں وفاقی محتسب اور ان کے ادارے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے دورے کے موقع پر کہی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کا دورہ کرکے انھیں اطمینان ہوا ہے کہ ملک میں ایسے ادارے بھی ہیں جو مشنری جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف کی فراہمی مشکل ہو، وہاں عوام کو بلاتاخیر انصاف کی فراہمی ایک کارنامہ ہے جس پر وفاقی محتسب سیکریٹریٹ مبارک باد کا مستحق ہے۔ انھوں نے وفاقی محتسب سلمان فاروقی کو ہدایت کی کہ وہ انصاف کی فراہمی میں مزید تیز رفتاری ، کام میں وسعت اور سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے افسروں اور اہل کاروں کے حالات کار میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز ایوان صدرکو ارسال کریں تاکہ نظام کو مزید موثر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ سرکاری اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے وفاقی محتسب کا ادارہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور اس نے انتہائی کم مدت میں بہت اچھی ساکھ قائم کی ہے جو قابل اطمینا ن ہے۔ صدر مملکت نے سی ڈی اے سے متعلق رپورٹ، مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی عدم فراہمی، خیرپور بس حادثے کا معاملہ اور خسرے کی وباء جیسے سنگین معاملات میں وفاقی محتسب کا فعال کردار قابل تعریف ہے۔

صدر مملکت نے خیرپور بس حادثہ جس کے نتیجے میں 57 انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں کی انکوائری کے انعقاد میں سلمان فاروقی اور انکی ٹیم کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے وفاقی محتسب کی طرف سے سمندر پار پاکستانیوں، سوک ایجنسیوں اور فاٹا کے لیے گریونس کمشنروں کی تقرر ی کے فیصلے کی بھی تعریف کی ۔ صدر مملکت نے اس موقع پر ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے نظام میں مزید بہتری آنی چاہئے ۔اس مقصد کے لیے دیگر ملکوں کے نظام سے استفادہ کرتے رہنا چاہئے۔اس سے قبل وفاقی محتسب سلمان فاروقی، وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے سیکریٹری حسیب اختر اور سینئر مشیر اعجاز احمد نے سیکریٹریٹ کی کارکردگی کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ بھی دی۔ صدر مملکت کو اس موقع پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :