جے سوریا کا ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تیاریوں پر عدم اطمینان کا اظہار

منگل 27 جنوری 2015 11:50

کولمبو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا نے ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تیاریوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر غلطیوں سے سبق نہ سیکھا گیا تو عالمی کپ میں ٹیم کی جیت کے امکانات کم ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکست مایوس کن ہے تاہم کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ شکستوں کو اپنے اوپر حاوی نہ کریں اور غلطیوں سے سبق سیکھیں، ٹیم میں بعض جگہوں میں بہتری کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ ہم ان مسائل کو جلد حل کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کپ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہو رہا ہے اسلئے ہماری ٹیم کو میگا ایونٹ سے قبل یہاں کھیلنے کا ایڈونٹیج حاصل ہو گا، مالنگا کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے ان کی ٹیم میں شمولیت سے ہماری باؤلنگ مزید مضبوط ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی کپ میں ٹیم کا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے ہو گا اور میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔