کپتان مصباح الحق سمیت تقریباً نصف درجن سینئر کھلاڑی اپنے مستقبل کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے میں بورڈ کے لئے مسائل پیدا کررہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ

منگل 27 جنوری 2015 12:56

کپتان مصباح الحق سمیت تقریباً نصف درجن سینئر کھلاڑی اپنے مستقبل کے ..

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کا خیال ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سمیت تقریباً نصف درجن سینئر کھلاڑی اپنے مستقبل کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے میں بورڈ کے لئے مسائل پیدا کررہے ہیں۔ حیران کن طور پر کھلاڑی 2014کے سیزن کی کارکردگی پر 2015میں ایک سال کے معاہدے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ تین ماہ کے معاہدے پر دستخط سے ایک کھلاڑی کو سالانہ اوسطاً بیس بیس لاکھ روپے کا فائدہ ہوگا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کے معاہدے میں یہ شق موجود تھی کہ اگر نیا کنٹریکٹ تاخیر کا شکار ہوجاتا ہے تو کھلاڑیوں کو30 جون تک پرانے معاہدوں کے مطابق بورڈ کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنا ہوگی۔ بعض سینئر کھلاڑی،جونیئرز پر اثر انداز ہوکر انہیں سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے روک رہے ہیں اور اس مہم کی قیادت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کھلاڑیوں میں وہ کھلاڑی نمایاں ہیں جو ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔

جس کے بعد ان کا نام ایک فارمیٹ میں رہ جائے گا۔ نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام پندرہ کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کئے ہیں۔ مہم کے ماسٹر مائینڈ سینئر کھلاڑی ہیں جن کے لئے مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ سے براہ راست مذاکرات کررہے ہیں۔ جو لڑکے دورئہ نیوزی لینڈ کیلیے ٹیم میں شامل نہیں ہیں انہوں نے بھی دستخط نہیں کئے ہیں۔

اس لئے ڈیڈ لاک کی صورتحال برقرار ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے امید ہے کہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر معاملات طے پا جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اس وقت دبئی میں ہیں۔پی سی بی کا انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کھلاڑیوں سے بات چیت کررہا ہے۔ منیجر نوید اکرم چیمہ ثالث کا کردار ادا کررہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی فارغ وقت میں سینٹرل کنٹریکٹ پر ہی بات کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ پیر کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ا آپشنل ٹریننگ سیشن تھا۔ کرائسٹ چرچ میں کھلاڑی ٹریننگ سے فارغ ہوکر اس بارے ہی میں بات چیت کرتے ہوئے دکھائی دیے۔