راولپنڈی‘ شاہ عبداللہ کی یاد میں انجمن کے آڈیٹوریم فیض آباد میں خصوصی تعزیتی ریفرنس

منگل 27 جنوری 2015 14:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) انجمن فیض الاسلام کے زیر اہتمام سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کی یاد میں انجمن کے آڈیٹوریم فیض آباد میں ایک خصوصی تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس سے انجمن کے صدر محمد صدیق اکبر میاں ، نائب صدر ڈاکٹر ایم ڈی خان ، جنرل سیکریٹری راجا فتح خان ، سیکریٹری نشر و اشاعت محمد بدر منیر اور تاج محمد جان نے خطاب کیا اور مرحوم شاہ عبداللہ کو خراج تحسین پیش کیا ․ اس موقع پر انجمن کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی بڑی تعداد اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے ․ محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے خطاب میں شاہ عبداللہ کی سعودی عرب کے عوام اور بالخصوص عالم اسلام کو متحد و یکجا کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبداللہ نے امت مسلمہ کے اتحاد و یک جہتی کیلئے بے لوث کام کیا ․ وہ پاکستان کے عوام سے خاص طور پر محبت اور خلوص کے جذبات رکھتے تھے اور ہر آڑے وقت میں پاکستان کے عوام کی اس طرح مدد کی جس طرح وہ اپنے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہتے تھے ․ نائب صدر انجمن ڈاکٹر ایم ڈی خان نے اپنے خطاب میں شاہ عبداللہ کی رحلت صرف سعودی عرب کے عوام کا دکھ اور نقصان نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان اور عالم اسلام کا نقصان ہے ․ ان کی رحلت سے خلوص و محبت اور امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پروئے جانے کی مخلصانہ کوششوں کے عہد کا خاتمہ ہوا ہے اور یہ یقینا امت مسلمہ کیلئے ایک بڑا نقصان ہے ․ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللہ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پورا نہیں کیا جا سکے گا ․ ڈاکٹر ایم ڈی خان نے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات میں مختلف دوست ممالک کے درمیان خلوص و محبت کے جو جذبات ہوتے ہیں ان جذبات اور سفارتی تعلقات سے کہیں بڑھ کر شاہ عبداللہ پاکستان اور اس کے عوام سے وابستگی رکھتے تھے جس کا اظہار انہوں نے ہر مشکل وقت میں سب سے بڑھ کر مدد و تعاون کرکے کیا ․ راجا فتح خان ، محمد بدر منیر اور تاج محمد جان نے کہا کہ شاہ عبداللہ کے دور میں سعودی عرب نے بے مثال ترقی کی اور خادم حرمین شریفین ہونے کے ناطے انہوں نے عازمین حج و عمرہ کی آسانی کیلئے جو خدمات انجام دیں ان کا ثواب صدقہ جاریہ کے طور پر ہمیشہ ان کے نامہ اعمال میں لکھا جاتا رہے گا ․ اس موقع پر شاہ عبداللہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی ․ علاوہ ازیں ریفرنس میں ڈاکٹر ایم ڈی خان کے والد گرامی کی برسی کے موقع پران کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی ․ شرکاء نے سانحہ پشاور اور آپریشن ضرب عضب میں شہادت کا رتبہ پانے والے شہداء اور پاکستان کے استحکام و سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی -