مقبوضہ عرب شہروں میں اسرائیلی توسیع پسندی جنگی جرم ہے، حنان عشراوی

منگل 27 جنوری 2015 14:29

رام اللہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکن اور فلسطینی خاتون رہنماء حنان عشراوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ عرب شہروں میں اسرائیل کی توسیع پسندی معاہدہ روم کی رو سے جنگی جرم ہے۔ انہوں نے یہ بات رام اللہ میں عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا کہی جس نے گزشتہ روز کرسٹوف ڈوینوولڈ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر عشراوی نے فلسطینی شہروں میں یہودی توسیع پسندی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک منظم حکمت عملی کے تحت بیت المقدس اور مغربی کنارے پر اپنا تسلط جمانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ روم اور عالمی عدالت انصاف کی رو سے فلسطین کے متنازعہ علاقوں میں یہودی کالونیوں کی تعمیر وتوسیع اسرائیل کا نیا جنگی جرم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل سازش کے تحت بیت المقدس اور مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کو ایک دوسرے سے جدا کرنے کیلئے ان کے درمیان یہودی کالونیوں کا نیٹ ورک قائم کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہودی کالونیوں کا قیام کسی غلطی کا نتیجہ نہیں بلکہ صہیونی ریاست کی منظم منصوبہ بندی کے تحت فلسطینی علاقوں کو تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی یہودی کالونیوں کے قیام کا مقصد عظیم تر اسرائیل کے منصوبے کو آگے بڑھانا ہے۔