کارٹونسٹ اور ’کامن مین‘ کردار کے موجد آر کے لکشمن انتقال کر گئے

منگل 27 جنوری 2015 14:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء)بھارت کے مشہور کارٹونسٹ آر کے لکشمن کا 94 سال کی عمر میں شہر پونے میں انتقال ہو گیا ‘پچھلے ایک ہفتے سے وہ پونے کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔آر کے لکشمن کو انفیکشن کے بعد انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کرایا گیا تھا دل کے مریض لکشمن کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔لکشمن اپنے کارٹون کردار ’کامن مین‘ یعنی عام آدمی کیلئے مشہور تھے۔

(جاری ہے)

یہ کارٹون عام آدمی کی سوچ کو تو ظاہر کرتا ہے ہی لیکن سیاسی شخصیات پر طنز بھی کرتا ہے۔یہ کارٹون سال 1951 سے ہی بھارت کے مشہور انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے پہلے صفحے پر ’یو سیڈ اٹ‘ کے عنوان سے چھپتا تھا۔حکومت نے آر کے لکشمن کو 2005 میں پدم وبھوشن سے نوازا تھا۔ ڈاک محکمہ نے ’کامن مین‘ پر 1988 میں ایک ٹکٹ بھی جاری کیا تھا۔پونے میں 2001 میں ’کامن مین‘ کی آٹھ فٹ کی ایک مورتی لگائی گئی تھی۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سال 2010 میں آر کے لکشمن کو فالج ہوا تھا۔