کوئٹہ کے علاقے سے پانچ کان کن اغواء

منگل 27 جنوری 2015 15:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کے علاقے سورنج سے پانچ کان کنوں کو اغوا کر لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے منگل کو سورنج میں واقع پاکستان منرلز ڈیویلپمنٹ کارپوریشن سے سات کارکنوں کو اغوا کر لیا جن میں سے دو کان کنوں کو بعد ازاں چھوڑ دیا گیا تاہم پانچ کان کن ابھی بھی اغوا کاروں کی تحویل میں ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار ان کان کنوں کو قریبی پہاڑی علاقوں میں لے گئے ہیں لیکن ابھی تک اغوا کاروں کی تعداد سے متعلق تصدیق نہیں ہو سکی۔ فرنٹئر کور ( ایف سی) اور پولیس نے اغوا کاروں کو تلاش کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس واقعی کی ذمہ داری تا حال کسی کی جانب سے بھی قبول نہیں کی گئی ہے۔ بلوچستان ملک کا بڑا صوبہ ہے جہاں علیحد گی پسند بلوچوں کے ہونے کی وجہ سے اس طرح کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔ جبکہ بلوچستان کے وزیر اعلی ک کہنا تھا کہ 2015 امن کا سال ہو گا اور وہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔