وزیراعلیٰ سندھ کے محل پرمعصوم کارکن کا جنازہ لیکرگئے تھے، اگرہم نے حملہ کیا توہمارے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے، فیصل سبزواری

منگل 27 جنوری 2015 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم )کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے محل پرمعصوم کارکن کا جنازہ لیکرگئے تھے۔اگرہم نے حملہ کیا توہمارے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے جبکہ سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ وزیراعلی سندھ لواحقین کے احتجاج کوحملہ قراردیتے ہیں یہ شاید ان کی عمرکا تقاضہ ہے۔

وہ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے واک آؤٹ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔فیصل علی سبزواری نے کہاکہ اگرہم نے وزیر اعلی ہاؤس پر حملہ کیا ہے توہمارے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے،مقدمہ درج نہ ہوا تو اسکا مطلب یہ وزیراعلی نے ہمارااستحقاق مجروح کیا ہے،انہوں نے کہاکہ ہم سندھ اسمبلی میں وزیراعلی سندھ کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے، اوراحتجاج کے تمام طریقہ کاراختیارکریں گے۔

(جاری ہے)

فیصل سبزواری نے کہاکہ وزیراعلی ہاؤس کے سامنے سے کنٹینرہٹائے ہیں کوئی گولیاں نہیں چلائی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ سے صوبہ چل رہا ہے نہ پولیس پرکنٹرول ہے،اسمبلی فلورپرکوئی شکوہ کریں توانہیں حملہ لگتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت وزیراعلی سندھ کے بیان کا نوٹس لے اورصوبے پررحم کھائے،طاقت کے نشے میں شہریوں کوپیسنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیں پرانے زمانے یاد دلارہی ہے، ہم یاد دلائیں گے توتکلیف ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں پیپلزپارٹی کے منتخب صدورنے دومرتبہ پی پی حکومت برطرف کی ،الزام ماورائے عدالت قتل ہی تھا ۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نوٹس لے کہ سندھ میں قتل عام میں کون ملوث ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کراچی پولیس کے چیف کے بیان پروزیراعلی سندھ سے وضاحت مانگی تھی جوہمارا حق ہے،وزیراعلی سندھ نے صورتحال کی ساری ذمہ داری ڈی جی رینجرپرڈال دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گھمنڈ قمرمنصورکونہیں وزیراعلی سندھ کوہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین اورکوچیئرمین وزیراعلی سندھ کی بدانتظامی کا نوٹس لیں۔خواجہ اظہار نے کہاکہ جس ممبرنے وزیراعلی سندھ کوکراچی کے شہریوں اورمتحدہ کے زخموں پر نمک پاشی پر مبارکباد دی ہے ان کا کچھا چھٹہ جلد کھولیں گے۔

متعلقہ عنوان :