سندھ کی زرعی زمینوں پر مخصوص ٹولے کی نگاہ ہے جو چھوٹے کاشتکاروں کو زراعت کے پیشے سے دستبردار کروانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، سید شاہ محمد شاہ

منگل 27 جنوری 2015 16:02

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) سندھ کی زرعی زمینوں پر مخصوص ٹولے کی نگاہ ہے جو چھوٹے کاشتکاروں کو زراعت کے پیشے سے دستبردار کروانے کی کوششوں میں مصروف ہیں․ ایک طرف سندھ کے کاشتکاروں کو پانی کی بد ترین قلت کا سامنا ہے تو دوسری طرف جو کاشتکار زمینیں آباد کر رہے ہیں انہیں ان کی فصلوں کی مناسب اور جائز قیمت سے محروم رکھ کر سندھ کی زمینوں پر قبضے کی سازشیں کی جا رہی ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے کاشتکاروں کو گنے کی فصل کی قیمت 182 روپے فی من کے حساب سے ادا کی جائے حکومت سندھ کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کرے اور انہیں جائز محنتانہ ادا کرنے کے لئے شوگر مل مالکان پر دباؤ ڈالے․عدالت عظمی اور عدالت عالیہ کے فیصلوں کی روشنی میں کاشتکاروں کو ان کی پیداوار کا معاوضہ ادا کیا جائے․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اور کارکنان صوبے کے ہاریوں ، کاشتکاروں اور محنت کشوں کی خون پسینے کی کمائی کو شوگر مل مالکان کی مرضی کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے․ سندھ کے کاشتکاروں کو سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑھانے والوں کا مقابلہ کیا جائے گا․ سندھ حکومت شوگر ملز مالکان کو حکومتی فیصلوں کا پابند بنائے دوسری صورت میں سندھ کے کاشتکاروں، ہاریوں اور محنت کشوں کی طرف سے سخت رد عمل روکنا مشکل ہو جائے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر صوبائی نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے سندھ کے کاشتکاروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے کاشتکاروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے․ سندھ کے کاشتکاروں کو بیک وقت گنے ، چاول اور کپاس کی قیمت خرید میں ان کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے․ سندھ حکومت نے صوبے کے کا شتکاروں کے مسائل اور مطالبات پر فوری توجہ نہ دی تو سندھ میں زراعت کے ساتھ ساتھ صنعت کا پہیہ بھی جام ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے․ گنے کی فصل کی سرکاری قیمت ادا نہ کی گئی تو آنے والی فصلوں میں تاخیر اور سندھ قحط سالی کا شکار ہو سکتا ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی صوبائی اسمبلی میں اپنے اراکین کو اس سلسلے میں بھرپور آواز اٹھانے کا کہے گی تاکہ سندھ کے کاشتکار گنے کی مناسب قیمت نہ ملنے پر خود کو تنہا نہ سمجھیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت سندھ کے کاشتکاروں کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے اور ہم اپنے قاائد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ساتھ بھی اس سلسلے میں رابطے کر رہے ہیں تاکہ سندھ کے کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کی مناسب قیمت کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے․ سندھ میں زراعت کے مسائل ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ گھمبیر ہیں جبکہ صوبائی محکمہ آبپاشی کی نااہلیوں کی وجہ سے سندھ کی بہترین پیداوار دینے والی زمینیں بنجر بنتی جا رہی ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے کاشتکاروں کے حقوق کے لئے ان کا بھرپور ساتھ دے گی اور سندھ کی زراعت کو تباہ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے صوبے کے ہاریوں ، کاشتکاروں کی تحریک کا فعال حصہ بنے گی․․

متعلقہ عنوان :