ناموس رسالت کے لیے جان دینا ہر مسلمان عین سعادت سمجھتا ہے،خرم روحیل اصغر

منگل 27 جنوری 2015 16:26

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء)مسلم لیگی رہنما و سرپرست انجمن حقوق تاجران شمالی لاہور خرم روحیل اصغر نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ کے لیے جان دینا ہر مسلمان عین سعادت سمجھتا ہے ۔ مغرب نے اظہارِآزادی کے نام پر جو رویہ اپنا رکھا ہے ، اقوام متحدہ اور دوسرے اِدارے اس پر قانون سازی کریں اور کسی بھی مذہب کی شخصیات کی توہین قابلِ سزا قرار دی جائے ۔

مسلمان اپنے آقا و مولا محمدﷺ سے بے حد محبت کرتے ہیں ۔ فرانسیسی جریدے نے جو گستاخی کی ہے وہ سوائے نفرت بڑھانے کے کچھ نتیجہ نہیں دے سکتی ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز بند روڈ محمد بوٹی سے شالیمار چوک تک نکالی جانے والی ناموس رسالت ﷺ ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔جس کا اہتمام انجمن حقوق تاجران شمالی لاہور نے کیا تھا اور جس میں ہر طبقہ و فکر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور رسول اللہﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر انجمن حقوق تاجران شمالی لاہور کے چیئرمین میاں فیاض ، سینئر وائس چیئرمین نصیر احمد جٹ ، چیئرمین سپریم کونسل چوہدری عبدالمجید ، صدر چوہدری نثار انجمن حقوق تاجران شمالی لاہور ، جنرل سیکرٹری محمد طاہر مغل ، ملک نعیم ، رانا محبوب عالم ، چوہدری مدثر حیات موجود تھے ۔