لاہور،وارڈنز نے فیروز پور روڈ سے چوری کی کوسٹرویگن قبضے میں لیکر متعلقہ پولیس کے حوالے کردی

منگل 27 جنوری 2015 16:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) فیروز پور رو ڈگلا ب دیوی کے قریب ڈیوٹی پر تعینات پٹرولنگ آفیسرسمیت 2وارڈنز نے چوری کی کوسٹر ویگن برآمد کرلی جبکہ ڈرائیور فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے جرات، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے وارڈنز کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دی،انہوں نے کہا کہ وارڈنزٹریفک کے بہائہ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر عوام کی خدمت کرتے ہوئے نظر آئیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹر ماڈل ٹاؤن کا پٹرولنگ آفیسر اختر اور ٹریفک وارڈن مشتاق فیروزپور روڈ گلاب دیوی کے قریب ڈیوٹی کررہے تھے ۔انہوں نے شک گزرنے پر لاہو ر سے قصور جانے والی ایک کوسٹر ویگن کو رکنے کا اشارہ کیا جس نے رکنے کی بجائے گاڑی بھگا دی دونوں اہلکاروں نے گاڑی کا تعاقب کیا اور چونگی امرسدھو کے قریب پہنچ کر ڈرائیور گاڑی چھوڑکر فرارہوگیا ۔

(جاری ہے)

بعد از تصدیق معلوم ہواکہ کوسٹر نمبری LWC/8282مورخہ 22جنوری کو سخی اڈا قصور سے چوری ہوئی تھی جس کا مقدمہ نمبر61/15تھانہ سٹی اے ڈویژن قصورمیں گاڑی کے مالک محمدارشدکی طرف سے درج ہے ملزم نے کوسٹر پر بوگس نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی مسروقہ کوسٹر متعلقہ تھانے کے حوالے کردی گئی ۔طیب حفیظ چیمہ نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے ساتھ مشکوک عناصر اور مشکوک گاڑیوں پر بھی کڑی نظررکھیں جبکہ شہری کسی بھی تجویذ یا معلومات کیلئے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن لینڈ لائن سے 0423-1915اور موبائل فون سے 1915پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :