توہین آمیز خاکوں اور کارٹونوں کی اشاعت سے دنیا کے اربوں مسلمانوں اور انسانوں کی دل آزاری ہوئی ۔عتیق الرحمن

منگل 27 جنوری 2015 17:14

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) شباب ملی پاکستان کے مرکزی صدر عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ توہین آمیز خاکوں اور کارٹونوں کی اشاعت سے دنیا کے اربوں مسلمانوں اور انسانوں کی دل آزاری ہوئی ۔انتہا پسندی کے خلاف ڈھول پیٹنے والے امن عالم کے ٹھیکیدار آزادی اظہار کے نام پر پھیلائی جانے والی اِس انتہاپسندی پر کیوں خاموش ہیں ۔

شباب ملی ڈیرہ غازی خان کے زراہتمام سیرت مصطفٰی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ حضور نبی کریم سے دور حاضر کے گستاخانِ رسول سے کوئی جائیداد اور میراث کا جھگڑا نہیں ہے دراصل آقا ئے نامدار جو نظام لیکر آئے وہ ظلم کے خاتمے اور انسانوں کی آزادی اور حریت کا نظام ہے ۔اس نظام سے باطل پرستوں کو شدید تکلیف ہے جس کا راستہ روکنے کے لیئے مسلمانوں کی نسل کشی اور اُن کے محبوب آقا کی توہین کی ناپاک جسارت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے راہنما شیخ عثمان فاروق نے کہا کہ سیرت مصطفی کا پیغام بندگی رب،پیروی رسول اور نفاذ شریعت کا ہے پاکستان اِسی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا لیکن انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے اقدامات کی آڑ میں مساجد،دینی مدارس اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر قدغن لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور حکمرانوں کو توہین رسالت کا مسئلہ عالمی فورم پر اُٹھانا چاہئیے تھا۔لیکن امریکہ اور یورپ کی غلامی کا طوق گلے میں پہننے والے حکمران چپ کا روزہ رکھے ہوئے ہیں ۔سیرت کانفرنس سے امیر ضلع پروفیسر عطامحمد جعفری،امیر شہرحافظ خالد رؤف،صدر شباب ملی ڈیرہ غازی خان محمد صادق کریم نے بھی خطاب کیا۔جبکہ نائب امیر ضلع رشید احمد اختر،شباب ملی کے صوبائی صدر محمد رضا قادری،محمد متین احمد،ظہور احمد خان،نائب صدر شکیل احمد احمدانی،چوہدری عرفان غفور،چوہدری شاہسوار، صہیب صدیقی،شیر علی نیازی سمیت سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :